بنگلورو۔ کرناٹک پولیس نے ہاکی کھلاڑی ورون کمار کے خلاف درج پوکسو مقدمہ کی تحقیقات میں تیزی لائی ہے اور اس شادی کے نام پر دھوکہ اور عصمت ریزی معاملے کی جانچ کے لیے دو خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں، پولیس نے کہاکہ تفتیشی عہدیدار اس مقدمہ کے سلسلے میں ورون کمارکو جلد ہی بنگلورو پولیس کے سامنے پیش ہونے کے لیے طلب کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ وہ ملزم اور متاثرہ کے درمیان موبائل گفتگو، فون ریکارڈنگ اور بنگلورو میں ہوٹل بکنگ کے ریکارڈ کی تصدیق کر رہے ہیں۔ کرناٹک پولیس نے 22 سالہ ایر لائن ملازمہ کی شکایت کے بعد ہاکی کھلاڑی ورون کمارکے خلاف پوکسو قانون کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ بنگلورو شہر میں جنابھارتی پولیس نے کمار کے خلاف پوکسو ایکٹ کی دفعہ 4(2)، 5(ایل)، 6 اور آئی پی سی سیکشن 376(3) کے تحت 16 سال سے کم عمر کی خاتون کی عصمت دری اور 420 (دھوکہ دہی) کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔ شکایت میں متاثرہ نے کہا ہے کہ ملزم نے اسے شادی کا جھانسہ دے کر 16 سال کی عمر سے ہی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ نے کہا کہ ایک سال قبل میرے والدکے انتقال کے بعد ملزم مجھے تسلی دینے کے لیے آیا اور اس کے بعد مجھے فون کرنا بند کردیا اور میری کالزکو ٹال دیتا ہے۔ جب میں نے پولیس میں شکایت درج کروانے کا فیصلہ کیا تو اس نے دوبارہ مجھ سے بات کرنا شروع کر دی۔ جب میں نے اس سے شادی کے بارے میں پوچھا تو ملزم نے کہا کہ دونوں کو تنہا رہنا چاہیے۔ ملزم نے دھمکی دی کہ اگر میں نے شادی پر اصرارکیا اور اسے پریشان کیا تو وہ میری تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دے گا۔ متاثرہ کا تعلق حیدرآباد سے ہے اور وہ 16 سال کی عمر میں والی بال کے ٹرینی کے طور پر منتخب ہونے کے بعد بنگلورو کے جنابھارتی میں اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کوچنگ سینٹر میں تربیت حاصل کر رہی تھی۔ وہ اس وقت خواتین کے ہاسٹل میں مقیم تھی۔ اس وقت ورون کمار اسی کیمپس میں ایک قومی کیمپ میں تربیت حاصل کر رہا تھا۔ اس کی ملاقات ورون کمار سے انسٹاگرام کے ذریعے ہوئی اور اس نے اسے میسج کرنا شروع کردیا۔ خاتون نے کہاکہ چونکہ میں نابالغ تھی، میں نے اس کے پیغامات کا جواب نہیں دیا۔ ملزم نے اپنے دوستوں کو مجھ سے قربت کے لیے بھیجا لیکن میں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ ملزم مجھے بار بار پیغامات بھیجتا رہا۔ اس نے روتے ہوئے کہا کہ وہ میرے بغیر نہیں رہے گا۔ جب اس کے دوستوں نے مجھے یقین دلایا کہ وہ اپنی بہن کی طرح میری حفاظت کریں گے، آخرکار میں اس سے ملنے پر راضی ہوئی۔