ہرسمرت نے پنجاب کی مقامی سیاست کے دباؤ میں استعفیٰ دے دیا: بی جے پی کادعویٰ

,

   

ہرسمرت نے پنجاب کی مقامی سیاست کے دباؤ میں استعفیٰ دے دیا: بی جے پی کادعویٰ

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ہرسمرت کور بادل کے استعفے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پنجاب کی مقامی سیاست کے دباؤ میں استعفیٰ دیا۔ تاہم پارٹی کو اب بھی امید ہے کہ اس معاملے کو شرومی اکالی دل (ایس اے ڈی) سے بات چیت کے بعد حل کیا جائے گا۔

اقتصادی امور سے متعلق بی جے پی کے ترجمان گوپال کرشنا اگروال نے آئی اے این ایس کو بتایا ، “جمعرات کو پارلیمنٹ میں منظور کردہ تینوں زرعی بلوں سے کسانوں کو فائدہ ہوگا۔ لیکن جس طرح کانگریس نے پنجاب میں جھوٹ پھیلایاہے، میرے خیال میں ایس ڈی بھی مقامی سیاست کے دباؤ میں آ گئی ہے اسی وجہ سے ہرسمرت کور نے استعفیٰ دے دیا۔ ایس اے ڈی کسانوں کو بلوں سے ہونے والے فوائد سے بھی واقف ہے۔

اگروال نے کہا کہ ہم بلوں کے بارے میں پھیلائے جانے والے جھوٹ کو مسلسل بے نقاب کررہے ہیں۔ کانگریس جیسی پارٹیاں یہ کہہ رہی ہیں کہ کم سے کم سپورٹ پرائس (ایم ایس پی) کو ختم کردیا گیا ہے جبکہ اس کا ان تینوں بلوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ صرف ایم ایس پی ہی نہیں بلکہ اے پی ایم سی کو بھی ختم نہیں کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن زرعی اصلاحات کے بارے میں جھوٹ پھیلارہا ہے جس طرح اس نے شہریت ترمیمی قانون کے وقت کیا تھا ، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ان تینوں بلوں کے ذریعہ کسانوں کے مطالبات کو پورا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

مودی حکومت زرعی شعبے سے متعلق تین بڑے بل لائے جبکہ اپوزیشن ان بلوں کی مخالفت کر رہی ہے۔ پہلا بل لازمی اجزاء ایکٹ سے متعلق ہے جبکہ دوسرا بل فارم پروڈکشن اینڈ ٹریڈ (پروموشن اور سہولت) پر ہے جس سے ہر ایک کو زرعی مصنوعات خرید و فروخت کرنے کی سہولت ملتی ہے۔

تیسرا بل فارمر (ایمپاورمنٹ اینڈ پروٹیکشن) پرائس انشورنس اور فارم سروسز سے متعلق معاہدے پر ہے جو معاہدہ پر مبنی کاشتکاری کو قانونی حیثیت دیتا ہے۔ اپوزیشن نے کہا کہ ان بلوں سے کسانوں کو نہیں سرمایہ داروں کو فائدہ ہوگا۔