ہرمن پریت سب سے زیادہ میچ کھیلنے والی کھلاڑی

   

کینبرا، 19 فروری (آئی اے این ایس) ہرمَن پریت کور نے خواتین عالمی کرکٹ میں نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے سب سے زیادہ بین الاقوامی میچ کھیلنے والی کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں یہ سنگِ میل عبور کیا جو مانوکا اوول میں کھیلا گیا۔ یہ میچ ان کے کیریئر کا 356 واں بین الاقوامی مقابلہ تھا، جس کے ساتھ انہوں نے نیوزی لینڈ کی عظیم کھلاڑی سوزی بیٹس کا355 میچوں کا سابق ریکارڈ توڑ دیا۔ اس طرح ہرمَن پریت کور خواتین کرکٹ میں سب سے زیادہ بین الاقوامی میچ کھیلنے والی کھلاڑی بن گئیں۔ اس فہرست میں ان کے بعد ایلس پیری 349 میچوں کے ساتھ تیسرے، سابق کپتان مِتھالی راج 333 میچوں کے ساتھ چوتھے اور انگلینڈ کی لیجنڈ شارلٹ ایڈورڈز 309 میچوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔ 2009 میں بین الاقوامی کیریئر شروع کرنے والی ہرمَن پریت کور نے تینوں فارمیٹس میں طویل سفر طے کیا ہے۔ ان کے 356 میچوں میں 6 ٹسٹ، 161 ونڈے اور189 ٹی 20 مقابلے شامل ہیں۔ یہ کامیابی ان کے شاندار کیریئر میں ایک اور اضافہ ہے۔ انہوں نے 2025 میں ہندوستانکو پہلی مرتبہ خواتین ونڈے ورلڈکپ جتوایا اور حال ہی میں انگلینڈ میں ٹی20 سیریز میں بھی کامیابی دلائی۔ اسی ماہ انہیں ہندوستانی کرکٹ میں نمایاں خدمات پر پدم شری سے بھی نوازاگیا۔ ہندوستان نے تین میچوں کی ٹی 20 سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر رکھی تھی، جو ایک بڑے کثیر فارمیٹ دورے کا حصہ ہے جس میں تین ونڈے میچ اور ایک ٹسٹ بھی شامل ہے۔ پہلے ٹی 20 میں ہندوستان نے آسٹریلیا کو21 رنز سے شکست دی تھی لیکن دوسرے مقابلے میں اسے 19رنز سے شکست ہوئی۔