راہول گاندھی سمیت اہم قائدین نے آخری دن مہم میں حصہ لیا‘ سخت سیکوریٹی انتظامات
چندی گڑھ :ہریانہ میں اسمبلی انتخابات کی مہم آج ختم ہو جائے گی۔ ہریانہ کی 90 رکنی اسمبلی کیلئے ایک ہی مرحلہ میں ہفتہ کو پولنگ ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 8 اکتوبر کو جموں و کشمیر کے ساتھ ساتھ ہوگی۔انتخابی مہم کے آخری دن یو پی چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ اورچیف منسٹرآسام ہمانتا بسوا سرما نے بی جے پی امیدواروں کی حمایت کیلئے روڈ شو اور عوامی ریالی میں حصہ لیا۔کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے بھی مہم کے آخری دن مہندر گڑھ، ایٹلی اور نارنول اسمبلی حلقوں میں جلسہ عام سے خطاب کیا جبکہ پارٹی لیڈر دیپندر سنگھ ہڈا نے بھیوانی، سرسا، حصار، اور یمنا نگر اضلاع میں انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انڈین نیشنل لوک دل لیڈر ابھے سنگھ چوٹالہ نے ڈبوالی اور ایلن آباد اسمبلی حلقوں میں انتخابی مہم چلائی۔الیکشن کمیشن نے ہریانہ اسمبلی انتخابات کیلئے ایگزٹ پول جاری کرنے پر 5 اکتوبر، پولنگ کے دن شام 6:30 بجے تک پابندی لگا دی ہے۔ پابندی میں پرنٹ، الیکٹرانک میڈیا، یا کسی اور ذریعے سے ایگزٹ پولز کی اشاعت شامل ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو قید اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ہریانہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ریاست کے پنچکولہ ضلع کے تمام اسکولس کو 4 اور 5 اکتوبر کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ الیکشن کے پیش نظرریاست میں سخت حفاظتی اقدامات کے درمیان مرکزی وزارت داخلہ نے 225 نیم فوجی کمپنیاں تعینات کی ہیں جبکہ ریاستی حکام نے 60,000 سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا ہے۔ ہریانہ کے ڈی جی پی شتروجیت کپور نے کل کہا کہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر 11,000 سے زیادہ ایس پی او (خصوصی پولیس افسران) بھی تعینات ہیں۔الیکشن کمیشن آف انڈیا کے رہنما خطوط کی تعمیل میں انتخابات کے منصفانہ اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے، ڈی جی پی شتروجیت کپور نے کہا کہ ہریانہ کا محکمہ پولیس سخت نگرانی کر رہا ہے اور اس نے ریاست بھر میں مختلف مقامات سے بھاری رقم برآمد کی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ سب سے زیادہ رقم گروگرام، فرید آباد اور امبالہ سے برآمد ہوئی ہے۔کپور نے میڈیاکو بتایا کہ ہریانہ بھر میں 60 کروڑ روپے سے زیادہ کی وصولی ہوئی ہے۔ نوح کے علاقے کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ نوح میں 13 نیم فوجی کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔90 سیٹوں میں 17 محفوظ ہیں۔ جملہ 1031 امیدوار قسمت آزما رہے ہیں۔ 2 کروڑ 3 لاکھ سے زیادہ ووٹرس درج رجسٹر ہیں جو20ہزار سے زیادہ پولنگ اسٹیشنوں پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔