ہریانہ الیکشن سے قبل گرمیت رام رحیم کی پیرول منظور ‘ آج رہائی ممکن

   

چندی گڑھ : ڈیرا سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم ‘ جو عصمت ریزی کے جرم میں 20 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں ‘ ہریانہ اسمبلی انتخابات سے عین قبل 20 دم کی پیرول پر رہا کئے گئے ہیں۔ رام رحیم کو ہوسکتا ہے کہ کل صبح جیل سے رہا کیا جائے ۔ گدشتہ دو برسوں میں یہ پیرول پر ان کی 10 ویں مرتبہ رہائی ہوگی ۔ ذرائع نے کہا کہ ہریانہ حکومت نے الیکشن کمیشن سے اجازت حاصل کرنے کے بعد ایک بار پھر ان کی پیرول کو منظوری دی ہے ۔ گرمیت رام رحیم کو 2017 میں دو خاتون بھکتوں کی عصمت ریزی کے جرم میں سزا سنائی گئی تھی ۔ عصمت ریزی ہریانہ کے سرسہ میں رام رحیم کے آشرم میں ہوئی تھی ۔ قبل ازیں کانگریس نے گرمیت رام رحیم کی رہائی کے امکانات کے پیش نظر الیکشن کمیشن کو مکتوب روانہ کیا تھا اور کہا تھا کہ انتخابات سے عین قبل ان کی رہائی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہوگی ۔ خود کو مذہبی رہنما قرار دیتے ہوئے وہ عوام میں مقبولیت رکھتے ہیں۔ کانگریس نے اندیشوں کا اظہار کیا ہے کہ انتخابات سے قبل رہائی کی وجہ سے انتخابی عمل اور رائے دہی پر اثر ہوسکتا ہے ۔ ریاست میں کانگریس پارٹی ایک دہے بعد بی جے پی سے اقتدار چھیننے کی جدوجہد کر رہی ہے۔