نئی دہلی : اروند کجریوال زیرقیادت عام آدمی پارٹی آنے والے ہریانہ اسمبلی انتخابات میں 10 نشستوں پر چناؤ لڑنا چاہتی ہیں جبکہ کانگریس انڈیا الائنس کی اپنی اِس حلیف کیلئے 7 نشستیں چھوڑنا چاہتی ہے۔ 90 رکنی ہریانہ اسمبلی کے لئے 5 اکٹوبر کو الیکشن ہونا ہے۔ انڈیا بلاک کی دونوں پارٹیاں ماقبل چناؤ اتحاد کے سلسلہ میں نشستوں کی تقسیم پر سرگرمی سے مذاکرات شروع کرچکی ہیں۔ منگل تک کانگریس کی سنٹرل الیکشن کمیٹی نے 66 امیدواروں کو منظوری دے دی۔ عام آدمی پارٹی کے لیڈر اور رکن راجیہ سبھا راگھو چڈھا کی سینئر کانگریس لیڈر کے سی وینو گوپال کے ساتھ دو راؤنڈ کی بات چیت ہوچکی ہے۔ دونوں قائدین کی اگلے روز پھر ملاقات طے کی گئی ہے۔