’سات وعدے۔پکے ارادے‘ کے نام سے کانگریس کا منشور جاری‘یکم اکٹوبر کو ایک مرحلہ میں ووٹنگ
چندی گڑھ:کانگریس نے ہفتہ کو چندی گڑھ میں ہریانہ اسمبلی انتخابات 2024 کیلئے اپنا منشور جاری کر دیا جس میں مختلف طبقات کے لیے خصوصی مراعات کا اعلان اور وعدوں کئے گئے ہیں۔ منشور کے مطابق 25 لاکھ روپے تک کا مفت علاج فراہم کیا جائے گا اور خواتین کو ہر ماہ 2 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، ستلج۔یمنا لنک نہر سے پانی لینے کا وعدہ بھی منشور میں شامل ہے۔خیال رہے کہ یہ منشور کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے کی قیادت میں تیار کیا گیا اور اسے ’سات وعدے۔پکے ارادے‘ کے نام سے جاری کیا گیا ہے۔ منشور میں کہا گیا ہے کہ کانگریس نے سابقہ حکومت میں کیے گئے وعدوں کو پورا کیا اور اس مرتبہ بھی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا جائے گا۔کانگریس نے اپنے منشور میں ہریانہ کے لوگوں کو معیاری تعلیم، نوجوانوں کو روزگار اور بہتر صحت کی سہولیات دینے کے وعدے کیے ہیں۔ اس میں کسان کمیشن کا قیام، کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کی گیارنٹی، اور محروم طبقات کو 100 مربع گز زمین دینے کا وعدہ شامل ہے۔منشور کے چند اہم وعدوں میں سب کیلئے معیاری تعلیم کی فراہمی‘ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع ‘25 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت‘ خواتین کو ہر ماہ 2 ہزار روپے مالی امداد‘کسان کمیشن کا قیام اور ایم ایس پی کی گارنٹی‘ محروم طبقات کو 100 مربع گز زمین‘ اقلیتی کمیشن کا قیام‘ ہریانہ میں کھیلوں کی ترقی کیلئے مضبوط پالیسی کا نفاذشامل ہیں۔کانگریس کے سینئر قائد اشوک گہلوت نے منشور جاری کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کو یقین ہے کہ ان انتخابات میں کامیاب ہوگی اور عوام کے ساتھ کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ابھی ابھی منشور جاری کیا ہے اور ہمیں پورا اعتماد ہے کہ کانگریس حکومت بنائے گی۔ اس منشور کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا اور تمام وعدوں کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ ہریانہ میں اسمبلی انتخابات منگل یکم اکتوبر 2024 کو ایک ہی مرحلے میں ہوں گے۔ یہ انتخابات جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے کے ساتھ ہوں گے اور دونوں ریاستوں کے ووٹوں کی گنتی 8 اکتوبر 2024 کو ہوگی۔الیکشن کیلئے ہریانہ کو 22 اضلاع میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں جملہ 90 اسمبلی نشستیں ہیں۔ ان میں سے 73 عام نشستیں ہیں اور 17 درج فہرست ذات (ایس سی) کے لئے مخصوص ہیں۔ ریاست میں درج فہرست قبائل (ایس ٹی) کیلئے کوئی نشست مختص نہیں ہے۔ریاست میں ووٹرز کی تعداد تقریبا 20.1 ملین ہے جن میں 10.6 ملین مرد اور 9.5 ملین خاتون ووٹرز ہیں۔ ہریانہ میں بھی نوجوان ووٹرس کی قابل ذکر تعداد ہے جن میں 20تا29 سال کی عمر کے تقریبا 4.1 ملین افراد ہیں۔علاوہ ازیں پہلی بار ووٹ دینے والوں کی تعداد 452,000، معذور افراد کی تعداد 150,000 ہے، 85 سال سے زائد عمر کے 255 ووٹرز اور تیسری جنس کے 459 ووٹرز ہیں۔ہریانہ میں کانگریس کے انتخابی نتائج سے متعلق اچھے رجحانات پائے جاتے ہیں ۔ کانگریس کو اس مرتبہ ریاست میں شاندار کامیابی کی توقع ہے۔