ہریانہ میں18 اگست کو پریورتن ریالی : بھوپیندر سنگھ ہوڈا

   

چندی گڑھ ۔ 2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سابق چیف منسٹر ہریانہ بھوپیندر سنگھ ہوڈا نے آج کہا کہ وہ آنے والی 18 تاریخ کو ریاست میں بڑے پیمانے پر ایک پریورتن ریالی کا اہتمام کریں گے تاکہ آنے والے اسمبلی انتخابات سے قبل ریاستی عوام کو حکومت کی بدعنوانی اور ناکامی سے واقف کروایا جاسکے۔ سینئر کانگریسی لیڈر نے کہا کہ اس سلسلہ میں وہ اپنے پارٹی کارکنوں کے ساتھ 4 اگست کو ضلع روہتک میں ایک اجلاس منعقد کریں گے جس میں ممکنہ کارروائیوں پر مشتمل تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہریانہ کی موجودہ حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہوچکی ہے۔ عوام آنے والے انتخابات کا انتظار کررہے ہیں تاکہ وہ بی جے پی حکومت کو اکھاڑ پھینکے۔ انہوں نے کہا کہ کٹر حکومت مکمل طور پر کرپٹ اور کارکردگی کے اعتبار سے مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ ہوڈا نے یہ بات جاریہ مانسون اجلاس سے قبل یہ بات کہی۔ چند روز قبل کانگریس کے 17 ایم ایل اے جو سمجھتا جاتا ہیکہ ہوڈا کے وفادار ہیں، نئی دہلی میں ملاقات کی تاکہ موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے۔ سابق چیف منسٹر نے کہا کہ 18 اگست کو روہتک میں پریورتن مہاریالی کا انعقاد کیا جائے گا جو بالآخر موجودہ حکومت کی برطرفی کا سبب بنے گا۔