ہریتا ہارم پروگرام کو متحدہ طور پر کامیاب بنائیں

   

منچریال میں جائزہ اجلاس سے ضلع کلکٹرمسز بھارتی ہولیکری کی عہدیداروں کو ہدایت

منچریال۔/30جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ حکومت کے باوقار پانچویں مرحلہ کے ہریتا ہارم پروگرام کو ضلع منچریال میں تمام محکمہ جات کے عہدیدار آپسی تعاون کے ذریعہ کامیاب بنائیں۔ یہ بات ضلع کلکٹر منچریال مسز بھارتی ہولیکری نے ضلع کلکٹر یٹ کانفرنس ہال میں منعقدہ ایک جائزہ اجلاس میں ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر مسز شیوانی ڈونگرے اور ڈسٹرکٹ رورل ڈیولپمنٹ آفیسر مسٹر بی شیشادری کے ساتھ مل کر مخاطب ہوتے ہوئے کہی۔ انہوں نے اجلاس میں شریک فاریسٹ عہدیداروں و دیگر عہدیداروں سے کہا کہ ضلع منچریال میں ایک کروڑ چالیس لاکھ مختلف اقسام کے پودے لگائے جائیں گے جس کے لئے محکمہ دیہی ترقیات ، محکمہ فاریسٹ، محکمہ تعلیم کے عہدیدار، سرپنچ ، اراکین ضلع و منڈل پریشد، کونسلرز، وارڈ ممبرز، چیرمین ، ضلع پریشد چیرمین، ایم پی، ایم ایل ایز، ایم ایل سیز اور ہر ایک کو مل کر متحدہ طور پر تعاون کرتے ہوئے پانچویں مرحلہ کے عوامی پروگرام شجرکاری مہم کو عوام کے تعاون کے ذریعہ کامیاب بنائیں۔ اس خصوص میں تمام عہدیداروں کو چاہیئے کہ وہ عوام میں شجرکاری سے متعلق فوائد اور اہمیت پر شعور بیدار کریں۔ پودوں کی نگہداشت کی ذمہ داری اور اس کی اہمیت کو اُجاگر کریں۔ اس پروگرام میں مختلف محکموں کے عہدیداروں کثیر تعداد نے حصہ لیا۔