حکمران کانگریس کی سازشیں ، مکاریاں، پیسوں کے تھیلے، عوام کے فیصلے متاثر نہیں کرسکتے
حیدرآباد۔ 11 فروری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی و سابق ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے بلدی انتخابات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی امیدواروں کو پیشگی مبارکباد پیش کی اور حکمران کانگریس پر سنگین الزامات عائد کئے۔ سوشیل میڈیا کے ذریعہ ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے لے کر وزراء اور کانگریس کے ارکان اسمبلی پر اختیارات کا غلط استعمال کرنے اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی مکمل خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کیا۔ ہریش راؤ نے کہا پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے پولنگ کے دن تک حکمران کانگریس نے غنڈہ گردی کی۔ بی آر ایس کیڈر کو ڈرانے دھمکانے اور عوام کو دباؤ میں رکھنے کی سیاست میں مصروف رہی جو جمہوری عمل کے خلاف ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی آر ایس امیدواروں کو نہ صرف دھمکیاں دی گئیں بلکہ بعض مقامات پر حملے بھی کئے گئے۔ ہریش راؤ نے چند پولیس عہدیداروں کے طرز عمل پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمران جماعت کے دباؤ میں پولیس کا کام کرنا جمہوری نظام کی توہین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس کی سازشیں، مکاریاں، پیسوں کے تھیلے اور شیطانی اسکیمیں، عوام کے فیصلے کو متاثر نہیں کرسکتیں۔ ہریش راؤ نے پارٹی کے قائدین، کارکنوں اور انچارجس کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے حکمران جماعت کے سیاسی ہتھکنڈوں سے خوفزدہ ہوئے بغیر بی آر ایس امیدواروں کی جیت کیلئے آخری دم تک کام کیا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ عوامی فیصلہ بیالٹ باکس کے ذریعہ سامنے آئے گا اور جمہوریت کی بالادستی قائم رہے گی۔2