ہریش راؤ نے سکریٹریٹ میں چیف سکریٹری سے ملاقات کی

   

کالیشورم کمیشن کی مکمل 665 صفحات پر مشتمل رپورٹ بی آر ایس کو دینے کامطالبہ
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے سکریٹریٹ پہونچکر حکومت کے چیف سکریٹری راما کرشنا راؤ سے ملاقات کی اور بی آر ایس پارٹی کی جانب سے دو تحریری درخواستیں پیش کی ۔ کالیشورم پراجکٹ پر پی سی گھوش کمیشن کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ دینے کا ہریش راؤ نے چیف سکریٹری سے مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر ہریش راؤ کے ساتھ ایم ایل سی ڈی سرینواس ، ارکان اسمبلی اے وینکٹیش ، ایم گوپال اور بی لکشما ریڈی موجود تھے ۔ واضح رہے کہ کانگریس حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی جسٹس بی سی گھوش کمیشن نے کالیشورم پراجکٹ کی بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کے الزامات کی تحقیقات کی ۔ سابق چیف منسٹر کے سی آر ، سابق وزراء ٹی ہریش راؤ ، ایٹالہ راجندر کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداروں اور ریٹائرڈ عہدیداروں سے پوچھ تاچھ کرتے ہوئے 665 صفحات پر مشتمل رپورٹ تیار کرتے ہوئے حکومت کو پیش کی ہے ۔ حکومت نے کابینہ اجلاس میں اس رپورٹ کو منظوری دینے کے بعد اسمبلی میں پیش کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ہریش راؤ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مکمل رپورٹ جاری کرنے کے بجائے صرف 60 صفحات پر مشتمل رپورٹ جاری کی ہے ۔ جس پر ہمیں بہت سارے شکوک و شبہات ہیں ۔ کیا یہ کالیشورم کمیشن کی رپورٹ ہے یا کانگریس پارٹی کی رپورٹ ہے ۔ سمجھ میں نہیں آرہا ہے ۔ اس لیے بی آر ایس پارٹی کا ایک وفد آج چیف سکریٹری سے ملاقات کرتے ہوئے جملہ 665 صفحات پر مشتمل رپورٹ بی آر ایس کو دینے یا مکمل رپورٹ کو جوں کا توں جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔۔ 2