پانی کے مسئلہ کی یکسوئی کا مطالبہ ، جگا ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے کہا کہ سنگور کا پانی دیگر علاقوں کو منتقل کرنے کے نتیجہ میں سنگا ریڈی میں پانی کا بحران پیدا ہوا ہے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ سنگور سے پانی کی منتقلی کے خلاف کانگریس پارٹی نے احتجاج کیا تھا لیکن حکومت نے کوئی توجہ نہیں دی جس کے نتیجہ میں آج سنگا ریڈی کے عوام قلت آب سے دوچار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر ہریش راؤ کے غلط فیصلوں کے نتیجہ میں سنگور کا پانی منتقل کیا گیا جس کے بعد نہ صرف سنگا ریڈی بلکہ میدک ، خانہ پور آیاکٹ کے کسان اور میدک میونسپلٹی میں پانی کی قلت پیدا ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ برسر اقتدار پارٹی سے تعلق رکھنے والے میدک کے رکن اسمبلی کو اس بارے میں جواب دینا چاہئے ۔ جگا ریڈی نے انتباہ دیا کہ سنگاریڈی کو پانی کی سربراہی کے بارے میں واضح تیقن تک ہریش راؤ کو میدک اور سنگا ریڈی اضلاع میں گھومنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ برسر اقتدار پارٹی کے ارکان اسمبلی عوامی مسائل کو نظرانداز کرتے ہوئے ہریش راؤ کے گھر کے باہر بھجن کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب کبھی بلدی انتخابات ہوں گے ، کانگریس پارٹی مقابلہ کیلئے تیار ہے اور سنگا ریڈی کے تمام میونسپلٹیز میں کانگریس کی شاندار کامیابی ہوگی۔