ہری دوار اشتعال انگیز تقاریر ، 5رکنی ایس آئی ٹی کی تشکیل

   

ہری دوار: اتراکھنڈ کے ہری دوار دھرم سنسد میں مبینہ اشتعال انگیز تقریر کے معاملے میں پولیس نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے اس کی جانچ کے لیے پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) سطح کے عہدیدار کی قیادت میں پانچ رکنی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی۔ ڈی آئی جی گڑھوال کرن سنگھ نگنیال کا کہنا ہے کہ قصوروار پائے جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ شمالی ہری دوار کے وید نکیتن میں منعقدہ تین روزہ دھرم سنسد میں وسیم رضوی عرف جتیندر نارائن تیاگی، سنت دھرم داس، سادھوی انپورنا بھارتی کو نامزد کرنے کے بعد پولیس نے ڈاسنا کالی مندر کے مہنت اور جونا اکھاڑے کے مہنت مہامنڈلیشور سوامی یتی نرسمہانند اور دھرم راج سندھو کو بھی معاملے میں نامزد کیا ہے۔ اس معاملے میں اب تک پانچ لوگوں کو نامزد کیا گیا ہے۔دھرم سنسد کے کوآرڈینیٹر سوامی یتی نرسمہانند گری کا کہنا ہے کہ حکومت دباؤ میں آکر ایسے فیصلے لے رہی ہے۔