ہم حکمراں نہیں آپ کے خادم ہیں، حلف برداری کے بعد عوام سے خطاب
حیدرآباد ۔7۔ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ عوام کو آج حقیقی معنوں میں آزادی حاصل ہوئی ہے۔ عوامی تلنگانہ کی تشکیل کویقینی بنانے کیلئے ریاست میں آج سے اندراماں راج قائم ہوا ہے۔ لال بہادر اسٹیڈیم میں تقریب حلف برداری کے بعد عوام سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل نوجوانوںکی قربانیوں اور عوامی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ گزشتہ دس برسوں سے عوام ناانصافیوں کو برداشت کر رہے تھے۔ پرگتی بھون کے سامنے رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں اور عوام کا داخلہ بند کردیا گیا۔ ہم نے رکاوٹوں کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی ترقی یافتہ ریاست میں شمارکی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہر جمعہ کو صبح 10 بجے جیوتی با پھولے پرجا بھون میں پرجا دربار منعقد کرتے ہوئے عوامی مسائل کی سماعت کریں گے۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ میں آپ کے بیٹے اور بھائی کی طرح ذمہ داریاں نبھاؤں گا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ہم حکمراں نہیں بلکہ آپ کے خادم ہیں۔ گزشتہ 10 برسوں میں طلبہ ، بیروزگار نوجوانوں اور شہیدان تلنگانہ کے خاندانوں کو انصاف کا انتظار تھا اور کانگریس حکومت ان کے ساتھ مکمل انصاف کرے گی۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ کانگریس نے عوام سے جن ضمانتوںکا وعدہ کیا ہے، ان پر بہر صورت عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور ریاست کی ترقی کانگریس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اندراماں راج قائم کیا جائے گا ۔ سونیا گاندھی کے عہد کے نتیجہ میں علحدہ ریاست تشکیل پائی ہے۔ جمہوریت کا قتل کردیا گیا اور عوامی مسائل نظر انداز کردیئے گئے تھے۔ کانگریس حکومت کسانوں ، طلبہ اور بیروزگار نوجوانوں کو بھروسہ دلاتی ہے کہ ان کے مسائل حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد حقیقی آزادی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں جدوجہد کرنے والے کانگریس کارکنوں کو مناسب مقام دیا جائے گا ۔ انہوں نے جئے کانگریس اور جئے جئے سونیا اماں کا نعرہ لگاکر اپنی تقریر ختم کی۔