حیدرآباد ۔ 13 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کے وزیر بلدی نظم و نسق کے تارک راما راؤ نے کہا کہ ہر شہری مجالس مقامی ادارہ میں ایک ٹری پارک کی تعمیر کا منصوبہ ہے ۔ انہوں نے ریاست کے تقریبا 90 شہری ادارہ جات مقامی میں اربن فاریسٹ بلاکس کی تعمیر کی بھی ہدایت دی ۔ کے ٹی آر نے ریاست میں 20 جون سے شروع ہونے والے سرسبزی و شادابی کے پروگرام ہریتا ہارم کے چھٹویں مرحلہ کی تیاریوں کا جائزہ منتخب نمائندوں ، بلدی کونسلرس اور ایڈیشنل ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ لیا ۔ انہوں نے عوامی منتخب نمائندوں اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس پروگرام میں سرگرمی کے ساتھ حصہ لیں ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ یہ ہر ایک کی ذمہ داری ہے کہ وہ لگائے گئے پودوں کا تحفظ کرے اور ان کی بقاء کو یقینی بنائے ۔ ساتھ ہی ان لگائے گئے پودوں کو پانی ڈالنے ، ان کے اطراف ٹری گارڈس لگانے کے بھی انتظامات کیے جائیں ۔ انہوں نے ہر جمعہ کے دن کو گرین ڈے کے طور پر منانے کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا ۔