بوئنگ طیاروںکیلئے خصوصی رن وے کی ہدایت، ریاست میں 9 نئے شپنگ ہاربرس کی تعمیر
حیدرآباد۔20۔ جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش جگن موہن ریڈی نے ہر ضلع میں ایرپورٹ کی تعمیر کیلئے منصوبہ بندی کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ ایرپورٹس اور پورٹس کی تعمیر اور ترقی پر جائزہ اجلاس میں جگن نے کہا کہ ہرضلع میں ایرپورٹ تعمیر کیاجانا چاہئے ۔ انہوں نے ون ڈسٹرکٹ ۔ ون ایرپورٹ کے نظریہ کو سراہا اور کہا کہ عہدیداروں کو اس میں پیشرفت کرکے منصوبہ بندی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں ایرپورٹ کا قیام ترقی کی رفتار کو تیز کردے گا ۔ سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایرپورٹس کی تعمیر کیلئے تمام ضروری انفراسٹرکچر کی دستیابی پر توجہ مرکوز کی جائے ۔ اراضی کے حصول کے علاوہ دیگر تکنیکی ضرورتوںکی تکمیل پر توجہ دی جانی چاہئے ۔ چیف منسٹر نے بوئنگ طیاروں کی لینڈنگ کیلئے درکار رن وے کی ترقی ، ریاست کے موجودہ 6 ایرپورٹس کی توسیع اور ترقی کے علاوہ دو نئے ایرپورٹس کے جلد آغاز پر توجہ دینے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وجئے نگرم کے بھوگا پورم اور نیلور ضلع کے دگادرتی میں ایرپورٹس کی تعمیر کا کام تیزی سے مکمل کیا جائے ۔ حکومت درکار تمام سہولتیں فراہم کریگی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ موجودہ ایرپورٹس کی توسیع اور نئے ایرپورٹس کی تعمیر مقررہ مدت میں مکمل کی جائے۔ انہوں نے گناورم ایرپورٹ کی توسیع کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ بین الاقوامی پروازوں کا آغاز ہوسکے۔ چیف منسٹر نے ریاست میں 9 شپنگ ہاربرس اور 3 پورٹس کی تعمیر کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کی ہدایت دی اور کہا کہ تعمیری کاموں میں تیزی پیدا کی جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ رامایا پٹنم پورٹ کے تعمیری کاموں کا جلد آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نئے ہاربرس میں 4 شپنگ ہاربرس کی تعمیر کا کام جاریہ سال اکتوبر تک مکمل کرلیا جائے۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو ایرپورٹس اور پورٹس کی تعمیر کے منصوبہ سے واقف کرایا۔ اجلاس میں آئی ٹی کے وزیر گوتم ریڈی ، چیف سکریٹری سمیر شرما اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ ر