ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں مولانا مفتی عظیم الدین سپرد لحد

,

   

جامعہ نظامیہ میں نماز جنازہ ادا کی گئی اور درگاہ حضرت شجاع الدین قادری عیدی بازار میں تدفین

حیدرآباد۔علماء‘ حفاظ‘ معتقدین اور ہزاروں سوگواران نے مفتی اعظم مولانامفتی محمد عظیم الدین کو پرنم آنکھوںکے ساتھ وداع کیا اور جامعہ نظامیہ میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد درگاہ حضرت سید شاہ شجاع الدین قادریؒ عیدی بازار کے احاطہ میں سپرد لحد کردیا گیا۔ مفتی محمد عظیم الدین ؒ کے جلوس جنازہ اور نماز جنازہ میں ہزاروں معتقدین اور علماء اکرام ‘ مفتیان اکرام اور حفاظ موجود تھے۔ نماز جنازہ سے قبل جسد خاکی کو جامعہ نظامیہ میں مرقد حضرت فضیلت جنگ بہادر مولانا محمد انوار اللہ فاروقی ؒ سے متصل زائد از دو گھنٹے بغرض دیدار رکھا گیا جہاں ہزاروں معتقدین نے آخری دیدار کیا۔ مولانا مفتی عظیم الدین ؒکے غسل و تکفین کے فرائض مولانا میرلطافت علی شیخ التفسیر جامعہ نظامیہ کی نگرانی میں نوجوان علمائے اکرام نے بعد نماز فجر انجام دیئے ۔ غسل و تکفین انجام دینے والوں میں مولانا حافظ احسن بن محمد عبدالرحمن الحمومی ‘ مولانا سید عارف محی الدین ‘ مولانا سید شاہد محی الدین ‘ مولانا عبداللطیف احمد مولانا وجیہہ اللہ حسینی ‘ مولانا حافظ عبدالصمد شامل رہے ۔ مفتی صاحب کے مکان واقع خلوت سے 10 بجے کے بعد جلوس جنازہ جامعہ نظامیہ پہنچا جہاں نماز ظہر اورنماز جنازہ کیلئے انتظامات تھے۔ نماز جنازہ میں شرکت کرنے والوں میں شیخ الاسلام مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ ‘ مولانا مفتی صادق محی الدین ‘ مولانا حافظ محمد رضوان قریشی خطیب و امام مکہ مسجد‘مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ‘ مولانا ڈاکٹر شیخ احمد محی الدین شرفی‘ مولانا سید احمد علی ‘ مولانا سیدشاہ قبول بادشاہ قادری شطاری‘ مولانا سید نعمت اللہ شاہ قادری کے علاوہ صدرنشین وقف بورڈ جناب الحاج محمد سلیم ‘ جناب ممتاز احمد خان رکن اسمبلی ‘ مولانا حافظ سید شاہ مرتـضٰی علی صوفی ‘ جناب یوسف ہاشمی کے علاوہ ہزاروں افراد موجود تھے۔ مفتی محمد عظیم الدین ؒ کے برادر خورد مولانا ڈاکٹر اکرام الدین نے نماز جنازہ پڑھائی ۔ مولانامفتی خلیل احمد نے دعائے مغفرت فرمائی ۔ نماز جنازہ اور دعاء کے ساتھ ہی جلوس جنازہ جامعہ نظامیہ شبلی گنج سے عیدی بازار درگاہ حضرت سید شجاع الدین قادری ؒ کیلئے روانہ ہوا۔ جامعہ نظامیہ سے چندو لعل بارہ دری تک شرکاء جلوس نے اپنے کندھوں پر پہنچایا۔جامعہ نظامیہ سے جلوس جنازہ کے گذرنے کے راستوں پر غیر مسلم برادران نے پینے کے ٹھنڈے پانی کے مراکز لگائے تھے۔ احاطۂ درگاہ حضرت سید شجاع الدین قادری ؒ میں ہزاروں سوگواروں نے مفتی اعظم کو درود و سلام کے ورد کے دوران سپرد لحد کردیا گیا۔ جناب سید احمد پاشاہ قادری رکن اسمبلی نے قبرستان میں مختلف امور کی نگرانی انجام دی۔ مولانامفتی عظیم الدین ؒ کی فاتحہ سیوم 11اپریل بروز اتوار سہ پہر 4 بجے جامع مسجد چوک میں منعقد ہوگی۔ جامع مسجد چوک میں اتوار کو 4 بجے سے قرآن خوانی شروع ہوگی اور بعد نماز مغرب جامعہ نظامیہ میں تناول تبرک کا اہتمام رہے گا۔