انقرہ : ترکی کے جنوب مغربی حصے میں ایک ایمبولینس ہیلی کاپٹر ایک ہسپتال کی عمارت سے ٹکرا کر گر گیا۔ اس واقعہ میں چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ترکی کی وزارت صحت کے مطابق یہ حادثہ ترکی کے جنوب مغربی شہر مولا میں پیش آیا اور حادثہ کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر پر دو پائلٹ، ایک ڈاکٹر اور ایک اور طبی کارکن سوار تھا۔ اس وزارت کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب یہ ہیلی کاپٹر مولا ٹریننگ اینڈ ریسرچ ہاسپٹل سے پرواز کر رہا تھا۔ مولا کے علاقائی گورنر ادریس اَکبیک نے رپورٹرز کو بتایا کہ زمین پر گرنے سے قبل یہ ہیلی کاپٹر ہسپتال کی چوتھی منزل سے ٹکرایا۔ تاہم اس واقعہ میں ہسپتال کے اندر یا زمین پر کوئی اور شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شدید دھند کے دوران پیش آنے والے اس حادثہ کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔