ہم بہار کی مجموعی ترقی کیلئے ایک طویل جنگ لڑنے تیار :تیج پرتاپ

   

پٹنہ، 26 ستمبر (یو این آئی) راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سپریمو لالو پرساد یادو کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو نے کہا ہے کہ وہ بہار کی مجموعی ترقی کیلئے پوری طرح وقف اور تیار ہیں اور ان کا مقصد بہار میں مکمل تبدیلی لانا اور ایک نئے نظام کی تعمیر نو کرنا ہے ۔آر جے ڈی سے چھ سال کیلئے نکالے گئے تیج پرتاپ یادو نے اپنی پارٹی بنا لی ہے ۔ تیج پرتاپ یادو نے اپنی پارٹی کا نام ’جن شکتی جنتا دل‘ رکھا ہے ۔ وہ اس پارٹی کے قومی صدر ہیں۔تیج پرتاپ نے اپنے ایکس ہینڈل پر پارٹی کا پوسٹر شیئر کیا۔ پوسٹر میں مہاتما گاندھی، بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر، کرپوری ٹھاکر، رام منوہر لوہیا، اور جے پرکاش نارائن کی تصاویر ہیں۔ تاہم، تصویر میں تیج پرتاپ کے والد لالو یادو اور والدہ رابڑی دیوی کی تصاویر نہیں ہیں۔ پارٹی کا انتخابی نشان بلیک بورڈ ہے ۔ پوسٹر پر ’’سماجی انصاف، سماجی حقوق اور مکمل تبدیلی‘‘ کا نعرہ درج ہے ۔ پوسٹر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جن جن شکتی، جن جن کا راج، بہار کا وکاس کریں گے تیج پرتاپ۔پوسٹر شیئر کرتے ہوئے تیج پرتاپ یادو نے لکھا کہ ہم بہار کی مجموعی ترقی کیلئے پوری طرح سے وقف اور تیار ہیں۔