ہم میں انا کا مسئلہ نہیں ، ممتا اور نتیش کا ادعا

,

   

اپوزیشن متحد ہے ، تمام مسائل پر اتفاق کے ساتھ کام کرنے تیار ہیں

کولکاتا : 2024 ء کے لوک سبھا انتخابات سے قبل اپوزیشن اتحاد کو مضبوط کرنے کے لئے آج دوپہر ریاستی سکریٹریٹ میں بہار کے ویر اعلیٰ نتیش کمار اور ڈپٹی سی ایم تیجسوی یادو نے ممتا بنرجی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد ممتا بنرجی نے کہا کہ ان دونوں لیڈروں سے ملاقات مثبت رہی، اپوزیشن لیڈر کے مسئلے پر کوئی اختلاف نہیں ہے۔ ان کے درمیان انا کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ اس کے ساتھ ہی ممتا بنرجی نے نتیش کمار کو اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے پٹنہ میں ایک احتجاجی جلسہ منعقد کرنے کی تجویز دی۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ نتیش کمار آنجہانی جے پرکاش نارائن کی تربیت میں سیاسی منزلیں طے کی ہیں۔ جے پرکاش احتجاجی سیاست کے لئے اہم ہیں، ہم میں انا کا کوئی مسئلہ نہیں ہے ہم سب ایک ہیں۔ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی جو ہیرو بن رہی ہے اس کو زیرو بنانے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے تمام وفاقی ادارے کو کمزور کر دیا ہے، نصاب میں تبدیلی کی جا رہی ہے۔ ہم ان تمام مسائل پر اتحاد و اتفاق قائم کرکے کام کرنے کو تیار ہیں۔ وزیرا علیٰ نتیش کمار گزشتہ کئی مہینوں سے اپوزیشن کو متحد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس سے قبل انہوں نے کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے وزیرا علیٰ اروند کجریوال سے ملاقات کی تھی۔ نتیش کمار نے ممتا بنرجی سے ملاقات کو مثبت قرار دیا۔ممتا بنرجی راہول گاندھی پر تنقید کرتی رہی ہیں مگر ان کی لوک سبھا کی رکنیت منسوخ ہونے کے بعد ممتا بنرجی کے رویے میں نرمی آئی ہے۔ اس سے قبل ممتا بنرجی نے تمل ناڈو کے وزیرا علیٰ ایم کے اسٹالن سے ملاقات کی تھی۔ تمل ناڈو کے گورنر اور اسٹالن کے درمیان رسہ کشی چل رہی ہے۔ ممتا بنرجی نے اس معاملے میں ٹوئٹ کیا تھا۔ اس تناظر میں ممتا بنرجی اور نتیش کمار کے درمیان ہوئی ملاقات کافی اہم سمجھی جا رہی ہے۔