ہم نے اچھی شروعات نہیں کی:روہت

   

دبئی۔ رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف سوپر اوورکی شکست کے بعد ممبئی انڈینزکے کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم نے بیٹنگ سے اچھی شروعات نہیں کی۔ممبئی نے بنگلور کے202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سست شروعات کی اوران کی تین وکٹیں صرف39 رنز پر گرگئیں لیکن آخر میں ایشان کشن اورکیرون پولارڈ نے تیز اننگزکھیلی اور ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا لیکن20 ویں اوورکی پانچویں گیند پر ایشان آؤٹ ہوئے ۔ ممبئی کو آخری گیند پر پانچ رن کی ضرورت تھی اور پولارڈ نے ایک چوکا لگایا اور میچ برابر رہا۔ اس کے بعد میچ کا فیصلہ ایک سوپر اوور میں ہوا جہاں ممبئی کو شکست ہوئی۔روہت نے کہا کہ یہ ایک شاندار کرکٹ کا کھیل رہا ہے ۔ جب ہم نے اننگز کا آغاز کیا تو ہم میچ میں کہیں نہیں تھے ۔ پہلے ایشان اورپھر پولارڈ نے ٹیم کی اننگز کو سنبھالا اور ہمیں میچ میں برقرار رکھا لیکن ہم نے اچھی شروعات نہیں کی ، ٹیم کے بیٹنگ آرڈر کو دیکھ کر میں نے سوچا کہ ہم 200 رنزکا ہدف حاصل کرلیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پہلے چھ سات اوورز میں ہم رفتار برقرار نہیں رکھ سکے اور تین وکٹیں گنوا بیٹھے ۔ پولارڈ کے رہنے سے کچھ بھی ممکن ہے ۔ ایشان نے بھی عمدہ شاٹس لگائے جس کی وجہ سے ہمیں یقین ہوا کہ ہم یہ میچ جیت سکتے ہیں۔ہاردک پانڈیاکو سوپر اوور میں ایشان کی جگہ بھیجنے پرکپتان نے کہا کہ ایشان تھک چکے تھے اور اچھا محسوس نہیں کر رہے تھے ۔ ہم نے انہیں بھیجنے کا سوچا لیکن وہ تازہ دم نہیں تھے ۔ ہاردک لمبے لمبے شاٹس کھیل سکتا ہے اور ہمیں اعتماد تھا کہ وہ کھیل کو ہماری طرف موڑ دے گا۔ آپ کو سات رنز کے اسکورکا دفاع کرنے کے لئے بھی قسمت کی ضرورت ہوتی ہے ۔ ہم ایک وکٹ چاہتے تھے لیکن بدقسمتی سے ایک باؤنڈری چلی گئی۔ ہم نے زبردست واپسی کی اور اس میچ میں بہت ساری مثبت چیزیں ہوئیں۔