ہند،جاپان کے درمیان 8 معاہدوں پر دستخط

,

   

نئی دہلی: ہندوستان اور جاپان نے عالمی اتھل پتھل کے درمیان دنیا میں پائیدار سپلائی چین کے قیام اوراستحکام کیلئے اقتصادی اورتکنیکی تعاون بڑھانے کے مقصد کے ساتھ باہمی تعاون کیلئے آٹھ معاہدے کی دستایوزات پر پیر کودستخط کئے ۔وزیر اعظم نریندر مودی اور جاپان کے وزیر اعظم فومیو کشیدا کے ساتھ یہاں حیدرآباد ہاؤس میں وفود کی سطح کی دو طرفہ میٹنگ میں یہ فیصلے کیے گئے ۔ جاپان کے وزیر اعظم نے مودی کو مئی میں جی 7 چوٹی کانفرنس میں مدعو کیا، جبکہ مودی نے ستمبر میں جی 20 کی چوٹی کانفرنس میں مسٹرکشیدا کی دوبارہ میزبانی کی توقع کی۔اپنے میڈیا بیان میں مودی نے کہا کہ وزیر اعظم کشیدا اور ان کی گزشتہ ایک سال میں کئی بار ملاقات ہوئی ہے اور میں نے ہمیشہ ہند ۔جاپانتعلقات کے تئیں ان کی مثبت پہلو کو محسوس کیا ہے ۔ اس لیے ان کا آج کا دورہ ہمارے باہمی تعاون کی رفتار کو برقرار رکھنے میں بہت مفید ثابت ہوگا۔مودی نے کہا کہ اس سال ہندوستان جی 20 کی صدارت کر رہا ہے اور جاپان جی 7 کی، اس لئے اپنی پنی ترجیحات اورمفادات پر ساتھ مل کر کام کرنے کا یہ بہترین موقع ہے ۔ انہوں نے وزیر اعظم کشیدا کو آج ہندوستان کی جی20 صدارت کی ترجیحات کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ گلوبل ساؤتھ کی ترجیحات کو آواز دینا ہماری جی20 صدارت کا ایک اہم ستون ہے ۔ ’واسودھیو کٹمبکم‘ میں یقین رکھنے والی ثقافت سب کو ساتھ لے کر چلنے میں یقین رکھتی ہے اور اسی لیے ہم نے یہ پہل کی ہے ۔مودی نے کہا، ہند۔جاپان خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری ہماری مشترکہ جمہوری اقدار اور بین الاقوامی میدان میں قانون کی حکمرانی کے احترام پر مبنی ہے ۔ اس شراکت داری کو مضبوط کرنا نہ صرف ہمارے دونوں ممالک کیلئے اہم ہے بلکہ اس سے ہند۔بحرالکاہل کے خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام کو بھی فروغ ملتا ہے ۔