ہندوستانی سکھ خاتون یاتری کی پاکستانی شہری سے شادی

   

لاہور۔16؍نومبر( ایجنسیز) پاکستان میں بابا گرو نانک کے جنم دن کی یاترا کے لیے ہندوستان سے آنیوالے وفد میں شامل سکھ خاتون سربجیت کور نے اسلام قبول کر کے ایک پاکستانی شہری سے شادی کرلی۔خاتون کا اسلامی نام نور رکھا گیا ہے۔ نکاح نامہ کے مطابق 48 سالہ سربجیت کور نے 5 نومبر کو ضلع شیخوپورہ کے فاروق آباد کے رہائشی پاکستانی شہری ناصر حسین سے نکاح کیا۔نکاح میں 10 ہزار روپے حق مہر درج ہے جو ادا کیا جا چکا ہے۔ سربجیت کور 4 نومبر کو ہندوستانی یاتریوں کے ساتھ پاکستان آئی تھیں۔13 نومبر کو ہندوستان واپس جانے والے یاتریوں میں شامل نہیں تھیں جبکہ اسی روز ان کا ویزہ بھی ختم ہوگیا تھا۔اسی بنا پر انہیں لاپتہ قرار دے کر تلاش شروع کی گئی تاہم بعد ازاں معلوم ہوا کہ خاتون نے اسلام قبول کر کے پاکستانی شہری سے شادی کر لی ہے۔ ہندوستانی ریاست پنجاب کے کپورتھلا کی رہائشی اور دیگر سکھ یاتریوں نے 4 نومبر کو پاکستان میں داخل ہونے کیلئے واہگہ۔اٹاری سرحد عبور کی جس کے تحت مذہبی عبادت گاہوں کے دورے کی سہولت فراہم کی گئی۔
’ پرکاش پرو ‘اس سال گرو نانک دیو کی 555 ویں سالگرہ منائی گئی۔ 1,992 سکھ یاتریوں کا گروپ پاکستان میں تقریباً 10 دن گزارنے کے بعد 13 نومبر کو ہندوستان واپس آیا لیکن کور ان کے ساتھ نہیں تھی۔