حیدرآباد ۔ 7 جنوری (سیاست نیوز) تمام شہریوں کے ہاتھ میں عنقریب ای ۔ پاسپورٹ ہوگا۔ محکمہ وزارت خارجہ کے سکریٹری سنجے بھٹاچاریہ نے بتایا کہ یہ پاسپورٹ سیکوریٹی کے لحاظ سے محفوظ ہونے کے علاوہ عالمی سطح کے تمام امور اس میں شامل رہیں گے۔ ای پاسپورٹ کی خصوصیت یہ ہیکہ شخصی بائیو میٹرک ڈاٹا کو محفوظ رکھنے کیلئے ای پاسپورٹ میں ایک چپ رکھی جارہی ہے جس میں تمام تفصیلات محفوظ رکھی جائیں گی۔ ریڈیو فریکونسی ایڈنٹیفکیشن (آر ایف آئی ڈی) کے ذریعہ بھی ای پاسپورٹ کی تفصیلات کا سرقہ کرنے کی بھی گنجائش نہیں رہے گی اور نہ ہی کوئی جعلسازی کی جاسکتی ہے۔ انٹرنیشنل سیول ایویشنس آرگنائزیشن (آئی سی اے او) طرز کے تمام معیارات پر ای پاسپورٹ تیار کیا جارہا ہے۔ اس پاسپورٹ کو نقصان پہنچانا آسان نہیں ہے۔ مختلف ممالک میں پاسپورٹ کی شناخت کو آسان بنانے کیلئے چپ کے پاس لوگو شائع کیا جارہا ہے۔ محکمہ خارجہ کے 20 ہزار عہدیداروں اور عملہ کو پائلٹ پراجکٹ کے تحت پہلے ای پاسپورٹ جاری کیا جائے گا ۔ سب کچھ درست ہونے پر ملک کے 36 پاسپورٹ مراکز سے سب کیلئے ای پاسپورٹ جاری کیا جائے گا۔ن