آج صبح نئی دہلی آمد ، طیارہ میں نامور افغانی قائدین کے علاوہ 85 ہندوستانی بھی شامل
نئی دہلی : ہندوستانی فضائیہ کا ٹرانسپورٹ ایر کرافٹ نامور افغانی قائدین بشمول ہندو اور سکھ نمائندوں کے علاوہ 85 ہندوستانیوں کے ساتھ ہفتہ کو کابل
ایرپورٹ سے روانہ ہوگیا جو اتوار کی صبح نئی دہلی پہونچے گا ۔ ذرائع کے مطابق انڈین ایرفورس کا ٹرانسپورٹ طیارہ
C-130J
ایندھن بھرنے کے لیے تاجکستان پہونچ گیا ۔ توقع ہے کہ وہ اتوار کی صبح ہندون ایر فورس اسٹیشن غازی آباد پہونچے گا ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اس بات خوف تھا کہ طالبان جنگجو انڈین ایر فورس طیارہ میں سوار ہونے سے افغان عوامی نمائندوں کو روکیں گے ۔ لہذا افغانستان سے اڑان بھرنے تک جہاز کے سارے معاملات کو خفیہ رکھا گیا ۔ ہندوستانی طیارہ کو کابل ایرپورٹ پر منظوری کے لیے کافی دیر تک انتظار کرنا پڑا کیوں کہ ایرپورٹ پر زبردست ہجوم تھا ۔ مختلف ممالک اپنے شہریوں کو واپس لے جانے کے لیے اپنے فوجی طیارے روانہ کررہے ہیں ۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ کابل ایرپورٹ پر طیارہ کو اتارنا بہت بڑا چیلنج بن گیا تھا ۔ 17 اگست کو 120 ہندوستانیوں کو پہلی فلائیٹ کے ذریعہ کابل سے ہندوستان لایا گیا تھا ۔ بتایا گیا ہے کہ تقریبا 200 ہندوستانی کابل سے تخلیہ کے منتظر ہیں ۔ حکومت ہند کی جانب سے تمام ہندوستانیوں کو واپس لانے کی بھر پور کوشش کی جارہی ہے ۔