ہوسٹن ۔ 19 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ایک ہندوستانی نژاد امریکی جوڑا امریکی ریاست ٹیکساس میں واقع ایک پاش علاقہ میں جہاں ان کا مکان تھا، مردہ پائے گئے۔ اس علاقہ کا نام شوگر لینڈ ہے جبکہ پولیس فوری طور پر وہاں تحقیقات کیلئے پہنچ چکی ہے جہاں انہیں 51 سالہ سرینواس ناکیرکانتی اوران کی 46 سالہ بیوی شانتی ناکیر کانتی مردہ پائے گئے۔ شانتی کے سر پر گولی کا نشان پایا گیا جبکہ سرینواس کی نعش ان کی خوابگاہ میں ملی اور ان کے سینے پر گولی کا نشان پایا گیا جبکہ ایک چھوٹی پستول بھی نعش کے قریب ہی پڑی ہوئی ملی۔ پولیس نے اپنی ابتدائی تحقیقات میں یہ اندازہ لگایا ہیکہ سرینواس نے پہلے اپنی بیوی کو گولی مار کر ہلاک کیا اور پھر اسی پستول سے خودکشی کرلی۔ قتل کے اس واقعہ کے بعد ہی متوفی سرینواس اور شانتی کی 16 سالہ بیٹی جو ایک دوسرے کمرے میں سورہی تھی پولیس کے دروازہ کھٹکھٹانے پر دروازہ کھولا اور پولیس کو دیکھ حیرت زدہ رہ گئی اور یہ بتایا کہ وہ کافی دیر سے اپنے والد کی خوابگاہ کا دروازہ کھٹکھٹا رہی تھی لیکن والد باہر نہیں آئے۔