نئی دہلی۔ ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم جولائی میں وائٹ بال سیریز کے لیے بنگلہ دیش کے دورے کے ذریعے بین الاقوامی سرکٹ پر واپس آئے گی۔ ہرمن پریت کورکی زیرقیادت ٹیم آخری بار انٹرنیشنل سرکٹ پر کھیلی تھی جب وہ فروری میں جنوبی افریقہ میں ویمنزٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف پانچ رنز سے ہارگئی تھی۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی خواتین ونگ کے چیئرمین شفیع العالم چودھری نادیل نے کہا ہاں ہم جولائی میں ہندوستانی خواتین کی قومی کرکٹ ٹیم کے خلاف وائٹ بال کی سیریزکھیلیں گے اور تمام میچ شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ کرک بزکی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ 11 سال میں پہلی بار ہوگا کہ شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم خواتین کے بین الاقوامی میچوں کی میزبانی کرے گا، جس میں ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تمام مقابلے دن رات کے میچز ہوں گے۔ بنگلہ دیش کی خواتین ٹیم آخری بار اس مقام پر 2012 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلی تھی۔اس میں مزید کہا گیا کہ ہندوستانی ٹیم تین ونڈے اور زیادہ سے زیادہ اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کے لیے6 جولائی کو ڈھاکہ پہنچے گی۔ ٹی ٹوئنٹی 9، 11 اور 13 جولائی کو مقرر ہیں جبکہ تین ونڈے، جو 2022-25 آئی سی سی ویمنز ونڈے چمپئن شپ سائیکل کا حصہ ہیں، 16، 19 اور 22 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔ہندوستانی ٹیم کی ارکان نے حال ہی میں بنگلورو میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ایک اعلی کارکردگی کا تربیتی اور کنڈیشنگ کیمپ کیا، جس میں مردوں کے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ اور این سی اے کے سربراہ وی وی ایس لکشمن نے کیمپ کے دوران انہیں تربیت دی۔