لاہور۔25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی سکیورٹی ٹیم نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان اسلام آباد میں ڈیوس کپ ٹائی کیلئے اجازت دے دی ہے۔ ایشیا اوشیانا ڈیوس کپ زون ون میں 14 اور 15 ستمبر کو پاکستان کو ہندوستانی ٹینس ٹیم کی میزبانی کرنی ہے ،جس کیلئے ہندوستانی کھلاڑی55 سال بعد پاکستان آئیں گے۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے جائلز اگنس اوررچرڈ سائمن پر مشتمل 2 رکنی ٹیم نے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کا دورہ کیا اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ کے مطابق وفدکو انتظامات سمیت مجوزہ سکیورٹی منصوبہ پر تفصیلات فراہم کی گئی۔ مہمان وفد نے بھی پاکستان کے حالات اور انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا ہے ۔ وفد اپناکام مکمل کرکے ایونٹ کیلئے گرین سگنل دے دیاہے۔ ہندوستانی ٹیم 55 سال بعد ڈیوس کپ ٹائی میں شرکت کیلئے پاکستان آئے گی جب کہ 13 سال پہلے پاکستانی ٹیم نے ہندوستان جاکر ڈیوس کپ ٹائی میں شرکت کی تھی جہاں پاکستان کو 3-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔دونوں ممالک کے مابین ستمبر کے دوسرے ہفتے میں مقرر مقابلوں کیلئے پاکستان کی 5 رکنی ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے جس میں اعصام الحق،عقیل خان، محمد عابد مشتاق، مزمل مرتضیٰ اور مدثر مرتضیٰ شامل ہیں۔