نئی دہلی ۔14 مئی (سیاست ڈاٹ کام )آئی پی ایل سیزن 12 کے اسٹارکھلاڑی رشبھ پنت کے لئے اچھی خبر ہے کہ ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم کو30 مئی سے انگلینڈ میں شروع ہونے والے ونڈے ورلڈ کپ میں پنت کی کمی محسوس ہوگی۔ یادرہے کہ سلیکٹروں نے رشبھ پنت کو ورلڈکپ ٹیم میں شامل نہیں کیا ہے۔ پنت نے حالانکہ انڈین پریمیرلیگ (آئی پی ایل) کے 12 ویں سیزن میں دہلی کیپٹلس کے لئے کھیلتے ہوئے زبردست کارکردگی پیش کی اورٹیم کو 6 سیزن بعد پلے آف میں جگہ بنانے میں مدد کی تھی۔ گنگولی اس سیزن میں دہلی کی ٹیم کے مشیرتھے۔ گنگولی سے جب پوچھا گیا کہ کیا پنت کو زخمی کیدارجادھو کے مقام پرٹیم میں شامل کیا جانا چاہئے؟ اس پرانہوں نے کہا آپ اس طرح سے نہیں کہہ سکتے۔ مجھے امید ہے کہ کیدارجادھو جلد ہی فٹ ہوں گے لیکن پھربھی پنت کی کمی محسوس ہوگی۔