ہندوستان ، امریکہ سے تیل ، گیس اور دفاعی ساز و سامان خریدیگا

   

واشنگٹن۔ 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان، امریکہ سے 5 ملین امریکی ڈالرس سالانہ کے عوض، تیل اور گیس خریدنے اور 18 بلین امریکی ڈالرس سالانہ کے عوض دفاعی ساز و سامان خریدنے اپنے وعدہ کا پابند ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ہند ۔ امریکہ تجارتی تعلقات میں اضافہ ہورہا ہے۔ ہندوستان کے سفیر متعینہ امریکہ ہرش وردھن شرنگلا نے اپے پہلے بڑے عوامی اجتماع کے دوران امریکن بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ امریکہ سے ہندوستان کو برآمد کی جانے والی مصنوعات کاتناسب 30% فیصد بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں کے درمیان ہند ۔ امریکہ کے درمیان باہمی تجارت 119 بلین امریکی ڈالرس سے بڑھ کر 140 بلین ڈالرس ہوگئی ہے۔ یو ایس انڈیا بزنس کونسل (USIBC) کی جانب سے شرنگلا کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد عمل میں آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہند ۔ امریکہ کی باہمی تجارت میں اب جتنا اضافہ ہوا ہے۔ پہلے کبھی نہیں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ صرف تیل اور گیس کے شعبہ میں ہندوستان، امریکہ سے سالانہ 5 بلین ڈالرس کی خریداری کے لئے وعدہ کا پابند ہے۔ ہم امریکہ سے اب ان مصنوعات کو درآمد کرنا چاہتے ہیں جو پہلے کبھی نہیں کی گئیں۔ امریکہ کی بعض مصنوعات کی ہندوستان میں طلب میں اضافہ ہوگیا ہے اور ہندوستانی عوام انہیں پسند کرتے ہیں۔ دفاعی شعبہ میں بھی ہندوستان نے امریکہ کو 18 بلین امریکی ڈالرس کے آرڈرس دیئے ہیں۔