ہندوستان آج نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھی کامیابی کا خواہاں

   

میزبان ریکارڈ بہتربنانے کا کوشاں

ھیملٹن۔30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے کپتان ویراٹ کوہلی کو نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے اور پانچویں ونڈے اور اس کے بعد ٹوئنٹی 20 سیریز میں آرام دیا گیا ہے اور شاندار فارم میں کھیل رہی ٹیم میزبان کے خلاف جمعرات کو یہاں ہونے والے چوتھے ونڈے میں جیت حاصل کرنے اور سیریز کے اسکور کو 4-0 کرنے کے ارادے سے اترے گی۔ہندوستانی ٹیم سیریز کے پہلے تین ونڈے جیت کر پانچ میچوں کی سیریز میں 3-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرچکی ہے ۔ ویراٹ کو آرام دیے جانے کے بعد روہت شرما کو اس دورے کے باقی میچوں کے لئے ٹیم کی کپتانی سونپی گئی ہے ۔ روہت جب اپنی کپتانی میں کل اس مقابلے میں اتریں گے تو یہ ان کے کیریئر کا 200 واں ونڈے مقابلہ ہوگا جسے وہ جیت کے ساتھ یادگار بنانے کی کوشش کریں گے ۔ ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا میں ونڈے سیریز2-1 سے جیتنے کے بعد نیوزی لینڈ میں 3-0 سے آگے ہو چکی ہے اور کسی کو بھی یہ توقع نہیں تھی کہ گھریلو میدان میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی کیوی ٹیم کی اس سیریز میں ایسی مایوس کن کارکردگی ہوگی۔ نیوزی لینڈ کو سیریز میں اپنے وقارکو حاصل کرنا ہے تو اسے دونوں شعبوں میں اپنے کھیل میں اصلاح کرنا ہوگا۔آخری بار نیوزی لینڈ ایک سیریز میں چار میچ 2012 میں ہارا تھا لیکن اسے یہ شکست ویسٹ انڈیز کی سرزمین میں ملی تھی۔ اپنی گھریلو پچ پر آسٹریلیا نے دو بار اور سری لنکا نے ایک بار سیریز میں چار میچ گنوائے ہیں۔ نیوزی لینڈ کو اس سے بچنے کے لئے اگلے دونوں میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرناہوگا۔ روہت اپنے 200 ویں ونڈے میں نیوزی لینڈ کو جیت حاصل کرنے کا کوئی موقع نہیں دینا چاہتے ہیں۔

روہت نے گزشتہ دونوں میچوں میں87 اور62 رنز بنائے ہیں اور وہ نیوزی لینڈ کی سر زمین پر اپنی پہلی سنچری بنانے کی پوری کوشش کریں گے ۔ یہ بھی دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ ویراٹ کو آرام دیے جانے کے بعد ہندوستانی بیٹسمینوں کی کارکردگی کیسی ہوگی۔ تجربہ کار وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی چوٹ کی وجہ سے گزشتہ میچ میں نہیں کھیل سکے تھے اور ان کی جگہ دنیش کارتک نے وکٹ کیپنگ کی تھی لیکن دھونی نیٹ پر واپس آ چکے ہیں اور وہ چوتھے میچ میں کھیلنے اتریں گے ۔ ویراٹ کو آرام دیے جانے سے امباٹي رائیڈو تیسرے نمبر پر جائیں گے جبکہ کارتک چوتھے نمبر پر بیٹنگ کے لئے اتریں گے ۔ ہندوستانی ٹیم میں دیگر کوئی تبدیلی کا امکان نہیں ہے ۔نیوزی لینڈ نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔ ڈگ بریسویل اور ایش سودھی کی جگہ جیمس نیشم اور ٹاڈ ایسٹل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور آخری الیون میں یہ تبدیلی ہو سکتی ہے ۔ حالات کے مطابق ٹم ساؤتھی کسی ایک اسپنر کی جگہ لے سکتے ہیں۔چوتھے ون ڈے کے لئے ممکنہ ٹیم اس طرح ہے :
ہندوستان:روہت شرما (کپتان)، شکھر دھون، امباٹي رائیڈو، دنیش کارتک، مہندر سنگھ دھونی (وکٹ کیپر)، کیدار جادھو، ہاردک پانڈیا، کلدیپ یادو، بھونیشور کمار، محمدسمیع اوریجویندر چہل۔
نیوزی لینڈ:مارٹن گپٹل، کولن منرو، کین ولیمسن (کپتان)، راس ٹیلر، ٹام لاتھم (وکٹ کیپر)، ہنری نکولس ، مشیل سینٹنر، جیمس نیشم، لوکی فرگوسن، ٹاڈ ایسٹل، ٹرینٹ بولٹ۔