ہندوستان اب نئی ریتی اور نئی نیتی پر عمل پیرا : مودی

,

   

دہشت گردی سے نمٹنے میں کانگریس کی سابق حکومتیں بری طرح ناکام : جلسہ عام سے وزیراعظم کا خطاب

نوئیڈا ۔ /9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج ایک بار پھر اپوزیشن پر تنقید کی جو پاکستان میں بالاکوٹ پر ہندوستانی فضائیہ کے حملوں کا ثبوت مانگ رہی ہے ۔ انہوں نے کانگریس کی سابق حکومتوں پر الزام عائد کیا کہ وہ ہندوستان میں دہشت گرد حملوں سے نمٹنے میں بری طرح ناکام رہی تھیں ۔ خاص کر 2008 ء میں ممبئی میں ہوئے دہشت گرد حملے سے نمٹنے میں وہ ناکام تھی ۔ گریٹر نوئیڈا میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا کہ یہ کرپٹ لوگ مخالفت کررہے ہیں انہیں برا بھلا کہہ کر ووٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔ مودی نے کہا کہ آج ہندوستان ’’ نئی ریتی ۔ نئی نیتی‘‘ پر (نئے طور طریقوں اور نئی پالیسیوں پر) کام کررہا ہے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ 2016 ء میں اڑی (جموں و کشمیر) میں دہشت گرد حملہ کے بعد ہندوستان نے پہلی مرتبہ دہشت گردوں کو زبردست سبق سکھایا تھا ۔ سرجیکل اسٹرائیک کے ذریعہ وہ لوگ جس زبان میں بات سمجھتے ہیں اس زبان میں سمجھایا گیا تھا ۔ آپ نے بھی حکومت بنائی تھی لیکن اس حکومت نے دہشت گردوں کے خلاف کچھ نہیں کیا ۔ لیکن ایک چوکیدرا نے (خود کا حوالہ دیتے ہوئے ) دہشت گردی کے خلاف قدم اٹھائے ۔ انہوں نے عوام سے سوال کیا کہ آپ ہی بتائیے کہ کون سورہا تھا ؟ انہوں نے ہزاروں کے مجمع سے یہ سوال کیا کہ آپ ہی بتائیے کہ دہشت گردی سے نمٹنے میں کون سورہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک 26/11 کے دہشت گرد حملے کو ہرگز فراموش نہیں کرسکتا ۔ ممبئی حملے سے نمٹنے کانگریس کی حکومت ناکام رہی تھی اگر ہندوستان کی طرف سے مضبوط جواب دیا جاتا تو ساری دنیا اس ملک کی حمایت کرتی ۔ لیکن اس کیلئے ہمت کی ضرورت ہے ۔ دہشت گردوں کے خلاف تمام ثبوت کے باوجود کانگریس حکومتوں نے کچھ نہیں کیا تھا ۔ پاکستان کو تمام ثبوت پیش کئے گئے تھے ۔ یہ بھی رپورٹس ہے کہ ہماری فوج دہشت گرد حملوں کا بدلہ لینے تیار تھی لیکن حکومت ٹھنڈی آہیں بھر کر چپ رہی ۔ میری حکومت نے دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائیاں شروع کی ہیں تو یہ لوگ اس کا ثبوت مانگ کر قومی سلامتی سے سمجھوتہ کررہے ہیں ۔ /24 فبروری کو علی الصبح کی کئی فضائی کارروائی کے بعد ہندوستان صورتحال پر خاموشی سے نگرانی کررہا ہے ۔ پاکستان صبح 5 بجے سے ’آنسو‘‘ بہانا شروع کیا کہ مودی نے ہم پر حملہ کیا ہے ۔ وہ لوگ سوچتے رہے کہ ہندوستان کو صرف زخمی کرتے رہیں گے ۔ حملے کرکے اس کو کمزور کریں گے ۔ خفیہ جنگ کریں گے اور ہندوستان اس کا جواب ہی نہیں دے گا ۔