’ہندوستان اور امریکہ ایک مزید پرامن، مستحکم و خوشحال دنیا بنا سکتے ہیں‘

,

   

ہوسٹن تقریب میں شرکت کیلئے صدر ٹرمپ کا فیصلہ باہمی تعلقات میں نیا سنگ میل، امریکہ روانگی سے قبل وزیراعظم مودی کا بیان
نئی دہلی ۔ 20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہیکہ ہوسٹن میں منعقد شدنی تقریب میں امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی موجودگی ایک نیا سنگ میل ہوگی۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ان کا یہ دورہ ہندوستان کو موقعوں کی ایک فعال و متحرک سرزمین، ایک قابل بھروسہ ساجھیدار اور عالمی قائدکی حیثیت سے اجاگر کرے گا۔ مودی نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہوگا کہ کوئی امریکی صدر ان کے ساتھ کسی ہند ۔ امریکہ برادری کی تقریب میں شریک رہیں گے۔ ہوسٹن میں اتوار کو منعقد شدنی ’’ہاوڈی ۔ مودی‘‘ بڑے اجتماع میں تقریباً 50,000 ہند ۔ امریکیوں کی شرکت متوقع ہے۔ مودی نے اپنے ایک ہفتہ طویل دورہ پر روانگی سے قبل جاری کردہ بیان میں ہند ۔ امریکی تعلقات کا حوالہ دیا اور کہا کہ دو ممالک ایک ساتھ کام کرتے ہوئے دنیا کو مزید پرامن، مستحکم، محفوظ، پائیدار اور خوشحال بنا سکتے ہیں۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس میں وہ ہمہ جہتی اصلاحات کیلئے نئی دہلی کے عزم و عہد کا اعادہ کریں گے۔ انہوں نے ہوسٹن تقریب میں موجود اپنے صدر ٹرمپ کے فیصلہ کو ہندوستانی برادری کیلئے ایک اعزاز اور پُرمسرت موقع قرار دیا جس سے ان تک رسائی کیلئے ایک نئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ اپنے اس دورہ کے موقع پر امریکہ کے صدر سے ہوسٹن اور پھر نیویارک میں بہترین ملاقاتوں کی توقع رکھتے ہیں۔

کارپوریٹ ٹیکس کم کرنا، تاریخی قدم:مودی
نئی دہلی،20ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیرا عظم نریندرمودی نے وزیر خزانہ نرملاسیتارمن کے کارپوریٹ ٹیکس کوکم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے تایخی قدم قرار دیا۔ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کمپنی ٹیکس کم کرنے کے اعلان کے بعد مسٹرمودی نے ٹویٹ کیا،‘کمپنی ٹیکس کم کرنے کاقدم تاریخی ہے ۔ اس سے میک ان انڈیا کو زبردست فروغ حاصل ہوگا۔ پوری دنیا سے پرائیویٹ سرمایہ کاری آئے گی۔ ہمارے پرائیویٹ سیکٹر میں مقابلہ آرائی بڑھے گی۔ روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور اس کا نتیجہ130کروڑ ہندوستانیوں کیلئے ’وِن۔وِن‘(فتح) ہوگا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گذشتہ کچھ ہفتے میں کیے گئے اعلانات سے واضح پتہ چلتا ہے کہ ہماری حکومت ملک کو تجارت کیلئے بہتر جگہ بنانے ، سماج کے تمام طبقوں کیلئے مواقع بڑھانے اورترقی کرتے ہوئے معیشت کو 50 کھرب ڈالر تک لے جانے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ سیتارمن نے گوا میں اشیاء اور خدمات ٹیکس(جی ایس ٹی) کونسل کے اجلاس سے قبل معیشت کو رفتار دینے کی کوششوں کے تحت آج کئی بڑے اعلانات کیے۔ گھریلو کمپنیوں اور نئی گھریلو کمپنیوں کیلئے کمپنی ٹیکس کم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔
گھریلو کمپنیوں کے لیے کمپنی کی شرح بغیر رعایت کے 22 فیصد کی گئی ہے ۔