ہندوستان تیسری مرتبہ ورلڈکپ کیلئے مضبوط دعویدار

   

نئی دہلی ۔5 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹیم کے سابق ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکرکا خیال ہے کہ ہندوستانی ٹیم تیسری مرتبہ 2019 کا ورلڈ کپ جیتنے کے لیے پسندیدہ ٹیم ہے۔ تنڈولکر کا یہ بیان ان کے سابق ساتھی راہول ڈراویڈ کے بیان کے دو دن بعد سامنے آیا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ویراٹ کوہلی کی ٹیم تیسرا ورلڈ کپ جیتنے کی اہل ہے۔ کرکٹ کی دنیا میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے ہندوستانی بیٹسمین سچن تنڈولکر نے مزید کہا ہے کہ جہاں تک ہمارے امکانات ہیں، مجھے یہ کہنے میں کوئی حرج نہیں کہ ہم ورلڈ کپ جیتنے کے لیے پسندیدہ ٹیم ہیں۔ انہون نے کہا کہ میں ریکارڈ پر کہہ رہا ہوں کہ ہم ٹیم میں بہترین توازن رکھتے ہیں جہاں ہم دنیا کے کسی بھی حصے اور کسی بھی سطح پر مقابلہ کریں گے۔ تنڈولکر کا خیال ہے کہ انگلینڈ ہندوستان کو سخت ترین چیلنج دے گا جبکہ ہندوستان کے خلاف کھیلی جانے والی ہوم سیریز 4-1 سے ہارنے کے باوجود نیوزی لینڈ کی ٹیم کی کارکردگی بھی دیکھنے کے لائق ہو گی۔ تنڈولکر کے بموجب میں جانتا ہوں کہ نیوزی لینڈ نے ہندوستان کے خلاف حالیہ ونڈے سیریز میں جدوجہد کی ہے لیکن یہ اچھا یونٹ ہے اور ان کے خلاف کھیلنے والی کسی بھی ٹیم کو سخت محنت کرنی پڑتی ہے،یہ سب جلد ردھم حاصل کرنے پرمنحصر ہے۔ میرے رائے کے مطابق انگلینڈ اس ایونٹ میں سب سے سخت ترین حریف ہو گا جبکہ نیوزی لینڈ ڈارک ہارس ہو گا۔ واضح رہے کہ ہندوستان کی ٹیم گذشتہ ایک سال کے دوران ونڈے میچوں میں سب سے زیادہ کامیاب رہی ہے۔ جنوبی افریقہ کو ونڈے میچوں کی سیریز میں 1-5 سے شکست کے بعد اگرچہ ہندوستان انگلینڈ کے خلاف 1-2 سے ناکام رہا تاہم اس نے دوبارہ کامیابی کی ڈگر پر واپسی کرلی اور ایشیا کپ جیتنے کے علاوہ آسٹریلیا کو 1-2 سے شکست دی اور اب نیوزی لینڈ کو بھی اسی کی سرزمین پر شکست فاش دی۔ تنڈولکر نے کہا کہ اسیٹون سمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی ٹیم میں واپسی کے بعد آسٹریلیا ایک مختلف ٹیم ہو گی۔ مجھے لگتا ہے کہ اسمتھ اور وارنر کی ٹیم میں واپسی اور ان کے دیگر بولروں کے ونڈے اسکواڈ میں آنے سے آسٹریلیا ایک مضبوط اور سخت ٹیم ہو گی۔ خیال رہے کہ ہندوستان 1983 اور2011 میں کرکٹ کا ورلڈ کپ جیت چکا ہے،جبکہ 2019 ورلڈ کپ کا آغاز رواں برس 30 مئی کوہو گا۔