ہندوستان میں انٹر نیٹ و موبائل خدمات مہنگے

   

مفت خدمات کی اسکیمات مسدود ، شرح قیمتوں میں 40 فیصد کا اضافہ
حیدرآباد۔2ڈسمبر(سیاست نیوز) دنیا بھر میں انٹرنیٹ اور موبائیل کی خدمات جو کہ ہندستان میں اب تک سب سے سستی تھی اب نہیں رہیں گی اور نہ ہی انٹرنیٹ خدمات فراہم کرنے والی ٹیلی کمیونیکشین کمپنیوں کی جانب سے فراہم کی جانے والی مراعات والی اسکیمات باقی رہیں گی۔ ائیرٹیل ‘ ووڈا فون‘ آئیڈیا اور جیو نے موبائیل اور انٹرنیٹ کی فراہمی کیلئے اب تک وصول کی جانے والی قیمتوں میں 40 فیصد تک کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اس اضافہ کو ٹیلی کام ریگولیٹری اتھاریٹی کی منظوری حاصل ہوچکی ہے ۔ آئیڈیا‘ ائیرٹیل ‘ جیو اور ووڈا فون کی جانب سے کئے جانے والے اس اضافہ کے اثرات پری پیڈ فون استعمال کرنے والوں پر زیادہ مرتب ہوں گے کیونکہ فوری اثر کے ساتھ کئے گئے اضافہ کے سبب ان کمپنیوں کے پری پیڈ صارفین کو اضافی شدہ قیمتوں کے اعتبار سے کال اور انٹرنیٹ ڈاٹا کے استعمال کی قیمت ادا کرنی ہوں گی۔ بتایاجاتا ہے کہ اب ان کمپنیوں کی جانب سے مفت خدمات کی فراہمی کی جو اسکیمات ہیں انہیں ختم کرنے کے سلسلہ پر بھی غورکیا جانے لگا ہے اور اگر یہ خدمات ختم کی جاتی ہیں تو ایسی صورت میں مفت ڈاٹا اور کال کی سہولت سے استفادہ کرنے والے صارفین کی تعداد میں زبردست گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی کیونکہ اکثر پلان جو کمپنیوں کی جانب سے فراہم کئے جا رہے ہیں ان میں رات کے اوقات میں مفت ڈاٹا اور کالس کی سہولت کے علاوہ دن میں بھی معمولی رقم کی ادائیگی کے ساتھ مفت کالس اور ڈاٹا کے استعمال جیسی اسکیمات موجود تھیں اور مفت خدمات کے سبب ہر کس و ناکس موبائیل میں مصروف نظر آرہا تھا لیکن اب جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس کے مطابق اگر ائیرٹیل نے یومیہ 50 پیسہ سے 2.85 روپئے کے نئے منصوبہ کا اعلان کیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ اس منصوبہ کا فوری اثر کے ساتھ اطلاق کیا جائے گا۔بتایا جاتا ہے کہ ہندستان میں نئی موبائیل اور انٹرنیٹ کی شرحوں کے سبب صارفین پر معاشی بوجھ عائد ہونے کا خدشہ ہے۔گذشتہ 4برسوں کے دوران موبائیل کی شرحوں میں پہلی مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے اور اس اضافہ کے سبب صارفین کو مہنگائی کے دور میں مزید مہنگائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ووڈا فون ‘ آئیڈیا کے علاوہ جیو کی جانب سے بھی نئے منصوبوں کا اعلان کیا جاچکا ہے جو کہ 3 ڈسمبر سے قابل عمل ہوں گے اور مجموعی اعتبار سے موبائیل اور انٹرنیٹ کی شرحوں میں اضافہ 42 فیصد تک کا ہوگا جو کہ کمپنیاں حاصل کریں گی اور ٹیکس اس کے علاوہ ہوں گے۔