نئی دہلی ۔ بجاج آٹو نے ہندوستانی مارکیٹ میں دنیا کی پہلی سی این جی موٹر سائیکل متعارف کردی ہے۔ دنیا کی اس پہلی سی این جی موٹر سائیکل کا نام فریڈم ہے۔ بجاج آٹو نے اس بائک کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور مارکیٹ میں لانچ کرنے سے پہلے اس بائک نے 11 مختلف سیفٹی ٹسٹ کامیاب کیے ہیں۔ بجاج فریڈم سی این جی کی لانچنگ تقریب کے دوران مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا کہ سی این جی دو پہیہ گاڑیوں کو چلانے کی قیمت 1 روپے فی کلومیٹر ہوگی۔ بجاج آٹو کی اس فریڈم سی این جی بائیک میں 2 کلو کا سی این جی سلنڈر اور 2 لیٹر کا فیول ٹینک ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی نے بہتر آرام کے لیے لنکڈ مونوشاک کا استعمال کیا ہے۔ بجاج آٹو نے دنیا کی پہلی سی این جی بائیک صارفین کے لیے95 ہزار روپے کی ابتدائی قیمت کے ساتھ مارکیٹ میں پیش کردی ہے۔ اس موٹر سائیکل کو 7 مختلف رنگوں میں پیش کیا گیا ہے اور یہ بائیک تین مختلف قسموں میں ملے گی۔ اس بائک کا بیس ڈرم ویرینٹ 95 ہزار روپے، ڈرم ایل ای ڈی ویرینٹ 1.05 لاکھ روپے (ایکس شو روم) اور ٹاپ ڈسک ویرینٹ 1.10 لاکھ روپے (ایکس شو روم) میں دستیاب ہوگا۔اس بائیک کے متعارف کرنے کے بعد عوام میں ایک نئی بحث شروع ہوگئی ہے ۔