وباء کو روکنے کے اقدامات، دہلی میں سینما گھر ، اسکولس ، کالجس بند، کئی کمپنیوں کے ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی اجازت
وائرس سے نمٹنے حکومت پوری طرح چوکس : وزیراعظم مودی
نئی دہلی ۔ 12 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومت پوری طرح چوکس ہے ۔ انہوں نے ٹوئیٹ کیا کہ عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ تمام وزارتوں اور ریاستوں میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کورونا وائرس کی دہشت پر وزیراعظم برطانیہ بورس جانسن نے وزیراعظم نریندر مودی سے بات چیت کی اور اس مہلک وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے بین الاقوامی کوششوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ ہندوستان میں اس وائرس سے فوت ہونے والے شخص کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔ گزشتہ روز پتہ چلا تھا کہ گلبرگہ کے شہری محمد حسین صدیقی سعودی عرب سے واپس ہونے کے بعد کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ، اس کے سبب ان کی موت واقع ہوئی ۔ کرناٹک کے محکمہ صحت سے تاخیر سے اس بات کی توثیق کی ہے کہ گلبرگہ کے 76 سالہ شہری پھیپھڑوں میں انفیکشن کے باعث انتقال کر گئے ، ان کے کورونا وائرس کا ٹسٹ بازیٹیو پایا گیا ، وہ سعودی عرب سے آنے کے بعد حیدرآباد میں بھی دو دن مقیم تھے ، یہاں سے گلبرگہ جانے کے بعد ان کا انتقال ہوگیا ۔ ملک بھر میں کورونا وائرس نے عوام کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے ۔ حکومت نے دہلی نے تمام سینما گھروں ، اسکولوں اور کالجوں کو 21 مارچ تک بند کر دینے کا حکم دیا ہے ۔ حکومت نے لوک سبھا کو اطلاع دی کہ بیرونی شہریوں کے داخلہ پر کوئی پابندی نہیں ہے ۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔کئی بڑی کمپنیوں نے اپنے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی اجازت دی ہے۔ آئی ٹی کمپنیوں کے 18 تا 20 لاکھ ملازمین ’’ورک فرم ہوم ‘‘کر رہے ہیں۔
