ہندوستان کا جوابی وار ،پین نے آسٹریلیا کا دردکچھ کم کیا

   

میزبان ٹیم 191 رنز پر ڈھیر
مہمان ٹیم کی دوسری اننگز میں ناقص شروعات

ایڈیلیڈ : ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان یہاں کھیلے جارہے ڈے نائیٹ ٹسٹ کی پہلی اننگز میں ہندوستان نے جوابی وار کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 191 رنز پر ڈھیر کیا اور 53 رنز کی ایک اہم سبقت حاصل کی لیکن دوسری اننگز میں صرف 9 رنز پر ہی اسے اپنا پہلا نقصان پرتھوی شا کی شکل میں برداشت کرنا پڑا جوکہ 4 رنز بنانے کے بعد پیٹ کمنس کا شکار بنے۔ شا متواتر دوسری اننگز میں بھی بولڈ ہوئے۔ دن کے اختتام پر مینک اگروال 31 گیندوں میں 5 رنز اور جسپریت بمرا 11 گیندوں میں اپنا کھاتا کھولے بغیر وکٹ پر موجود ہیں۔ ہندوستان کو مقابلہ میں مجموعی طور پر 62 رنز کی سبقت حاصل ہوچکی ہے۔ قبل ازیں ہندوستان نے اپنی کل کی اننگز 223/6 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور باقی چار وکٹیں 21 رنز کا اضافہ کرپائیں۔ آسٹریلیا کیلئے مچل اسٹارک نے 53 رنز کے عوض سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کمنس نے 48 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو پویلین
کی راہ دکھائی۔ ہیزل ووڈ اور لیون نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔ ہندوستانی بولروں نے بھی گلابی گیند کا شاندار استعمال کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 191 رنز تک محدود رکھا حالانکہ وکٹ کیپر کپتان ٹم پین نے 99 گیندوں میں 10 چوکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 73 رنز اسکور کئے۔ دوسرا اعظم ترین اسکور مارنس نے بنایا جنہوں نے 77 رنز کی اننگز کھیلی۔ ٹیم کے سب سے اہم بیٹسمین اسٹیو اسمتھ 29 گیندوں میں صرف ایک رن بنانے کے بعد کامیاب مہمان بولر روی چندرن اشون کا شکار بنے۔ اشون نے 18 اوورس میں 55 رنز دیکر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اومیش یادو نے 40 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیائی ٹیم کو ابتدائی نقصانات پہنچانے میں فاسٹ بولر جسپریت بمرا نے اہم رول ادا کیا حالانکہ انہیں 21 اوورس میں 52 رنز دینے کے باوجود صرف 2 وکٹیں ملی لیکن انہوں نے ابتدائی اوورس میں کافی کفایتی بولنگ کرنے کے علاوہ وکٹیں بھی حاصل کیں جس کی وجہ سے ایک جانب جہاں آسٹریلیائی ٹیم کو رنز بنانے میں دقت ہوئی وہیں اشون کا کام کسی قدر آسان ہوا جس کا انہوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔