لیڈس۔ 7جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ہندستان عالمی کپ کی تاریخ میں پہلی بار سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ سے نبرد آزما ہو گا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں کرکٹ تاریخ کے دو روایتی حریفوں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ہندستان نے سری لنکا کو ورلڈ کپ میچ میں ہفتہ کو 7 وکٹ سے شکست دے کر اور اس کے بعد جنوبی آفریقہ کی آسٹریلیا پر 10 رنز کی دلچسپ فتح کے سبب ٹیبل میں سرفہرست جگہ حاصل کر لی۔ ہندستان ٹیبل میں پہلے ، آسٹریلیا دوسرے ، میزبان انگلینڈ تیسرے اور نیوزی لینڈ چوتھے نمبر پر رہا۔نمبر ایک ہندستان کا اب سیمی فائنل میں مقابلہ چوتھے نمبر کی ٹیم نیوزی لینڈ سے ہوگا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں دوسرے نمبر کی ٹیم آسٹریلیا اور تیسرے نمبر کی ٹیم انگلینڈ آمنے سامنے ہوں گی۔ہندستان اور نیوزی لینڈ کا سیمی فائنل مقابلہ 9 جولائی کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔ دوسرے سیمی فائنل میں میزبان انگلینڈ کا مقابلہ گزشتہ چمپئن آسٹریلیا سے 11 جولائی کو ایجبسٹن میں ہوگا۔ فائنل 14 جولائی کو لارڈز میدان میں کھیلا جائے گا۔یہ 12 واں ورلڈ کپ ہے اور یہ پہلا موقع ہے جب ہندستانی ٹیم سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ سے کھیلے گی۔ ہندستان کا اس عالمی کپ میں لیگ راؤنڈ میں نیوزی لینڈ کے ساتھ مقابلہ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا اس طرح دونوں ٹیمیں میدان میں پہلی بار آمنے سامنے ہوں گی اور میچ بھی سیمی فائنل کا ہوگا۔ ہندستان عالمی کپ کے سیمی فائنل میں ساتویں بار پہنچا ہے جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم آٹھویں بار سیمی فائنل میں پہنچی ہے ۔دوسری طرف میزبان انگلینڈ کی ٹیم چھٹی بار سیمی فائنل میں پہنچی ہے ۔ انگلینڈ کا آخری بار سیمی فائنل 1992 کا عالمی کپ تھا۔ انگلینڈ نے اس طرح 27 سال کے طویل وقفے کے بعد سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے ۔ پانچ بار کا چمپئن آسٹریلیا آٹھویں بار عالمی کپ کے سیمی فائنل میں پہنچا ہے ۔آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان عالمی کپ کے سیمی فائنل میں 1975 کے پہلے ورژن میں مقابلہ ہوا تھا جس میں آسٹریلیا نے چار وکٹ سے جیت حاصل کر کے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ 1987 کے عالمی کپ میں فائنل میں کھیل چکے ہیں اور اس مقابلے میں بھی آسٹریلیا نے انگلینڈ کو سات رنز سے شکست دی تھی۔