ہندوستان کو آج انگلینڈ سے حساب برابر کرنے کا موقع

   

ماؤنٹ مونگانوئی۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی جیت کے دوران ٹیم کی کارکردگی سے خوش ہندوستانی ٹیم کی نائب کپتان ہرمن پریت کور نے کہا کہ ہندوستان چہارشنبہ کو یہاں آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ کے لیگ میچ میں انگلینڈ کے خلاف اسی کارکردگی کو دہرانا چاہے گا۔ انگلینڈ کی ٹیم موجودہ ٹورنمنٹ میں مشکلات کا شکار ہے اور اسے لگاتار تین میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔اپنے گزشتہ میچ میں ہندوستان نے فارم میں موجود ویسٹ انڈیز کو155 رنز سے شکست دی تھی۔ہرمن پریت نے میچ سے پہلے کی پریس کانفرنس میں کہا میرے خیال میں یہ ہمارے لیے بہت اہم ہے کہ ہم آخری میچ کی کارکردگی کو جاری رکھیں، ہمارے کمزور اور مضبوط ٹیموں کے بارے میں سوچنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہرمن پریت اور اوپنر سمرتی مندنا نے سنچری اسکور کی اور184 رنز کی شراکت داری کی جس کے بعد بولروں نے ہندوستان کو فتح دلائی۔ ہرمن پریت نے کہا ہم نے بیٹنگ کے دوران شاندار شراکت داری کی اور جس طرح سے ہم نے بولنگ میں شراکت داری کی، ہم اسے انگلینڈ اور آنے والے میچوں میں بھی جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ بعض اوقات ہم مسلسل وکٹیں گنواتے ہیں، اگر ہم اس پرکام کریں تو اچھا ہوگا۔ اس کے علاوہ ہم چیزوں کو اس طرح بنا رہے ہیں جیسے ہم چاہتے ہیں۔33 سالہ ہرمن پریت جو طویل عرصے سے ناقص فارم سے لڑ رہی تھی ، انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف 71 رنز بنانے کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف 107 گیندوں پر 109 رنز کی اننگز کھیلی۔ ہرمن پریت کو لگتا ہے کہ ورلڈ کپ سے عین قبل نیوزی لینڈ کے خلاف دو طرفہ سیریز نے ہندوستان کو دوبارہ رفتار حاصل کرنے میں مدد کی۔ ورلڈ کپ سے پہلے سب سے حیرت انگیز بات یہ تھی کہ ہمیں نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ونڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کا موقع ملا اور اس سے ہمیں رفتار حاصل کرنے اور ان حالات کی عادت ڈالنے میں مدد ملی۔ یہی وہ چیز ہے جو ہمیں اب اچھی کارکردگی دکھانے میں مدد کر رہی ہے۔