گوہاٹی۔ 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف یہاں ٹوئنٹی20 میںآخری لمحے تک دلچسپ مقابلے میں ایک رن کی حیرت انگیز شکست کا سامنا کرنا پڑ ا۔آسام کرکٹ اسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آخری ٹوئنٹی 20 میں میزبان ٹیم کامیابی کے قریب پہنچ کر بھی شکست کھا گئی اور انگلش خواتین نے سیریز 3-0 سے اپنے نام کر لی۔انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ20 اووروں میں چھ وکٹ پر119 رن بنائے ۔ اس کے جواب میں ہندوستان چھ وکٹ پر 118 رنز تک ہی سمٹ گیا۔کپتان اسمرتی مندھانا نے اننگز میں 58 رنز اورمتھالی راج نے ناٹ آوٹ30 رنز بنائے لیکن کیٹی کراس نے آخری اووروں میں 18 رن پر مسلسل دو وکٹ نکال کر میزبان ٹیم کو سیریز میں پہلی کامیابی سے بھی محروم کر دیا۔ہندوستانی ٹیم کو120 رنزکا ہدف حاصل ہوا لیکن اوپنر ہرلین دیول ایک رن ہی بنا سکی ،انیا شربسول نے انہیں ونفیلڈ کے ہاتھوں کیچ کراکر پویلین بھیج دیا۔ کپتان مندھانا نے39 گیندوں میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگا کر58 رنزکی نصف سنچری بنائی اور اپنے دم پر ٹیم کو جیت کے قریب لے گئیں۔ مندھانا اپنی نویں ٹوئنٹی 20 نصف سنچری بنائی کے بعد لارا مارش کی گیند پر بولڈ ہوئی۔ ان کے علاوہ صرف تجربہ کار متھالی نے آخری وقت تک رنز بنانے کی کوشش اور 32گیندوں میں چار چوکے لگا کر30 رن بنائے اور میدان سے ناٹ آوٹ لوٹیں لیکن دوسرے سرے سے انہیں خاص مدد نہیں ملی۔ جیمما روڈرگذ11 رنز کے ساتھ دوہرے ہندسے تک پہنچیں ۔ پرتیبھا شرما چار رن، بھارتی پھول مالی پانچ رنز اور انوجا پاٹل صفر پر آؤٹ ہوئیں۔