نئی دہلی، 26 نومبر (آئی اے این ایس) ہندوستان کو گھر میں جنوبی افریقہ کے خلاف 2-0 کی سیریز شکست کے بعد آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) 2025–27 کے پوائنٹس ٹیبل میں بڑی گراوٹ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ چہارشنبہ کو بارساپارا کرکٹ اسٹیڈیم میں دوسرے ٹسٹ میں 408 رنزکی بھاری شکست نے نہ صرف سیریز گنوائی بلکہ ہندوستان کی درجہ بندی کو بھی شدید متاثر کیا۔ جنوبی افریقہ نے ہندوستان میں یادگار ٹسٹ دورہ شاندار انداز میں مکمل کیا اور دوسرے ٹسٹ میں زبردست فتح کے ساتھ 2-0 کی کلین سویپ کی۔ یہ ہندوستان کی سرزمین پر ان کی دوسری ٹسٹ سیریز جیت ہے، پہلی کامیابی سال 2000 میں ملی تھی۔ 408 رنزکی شکست ہندوستان کے لیے تاریخ کی سب سے بھاری ٹسٹ شکست بن گئی۔ اس نتیجے نے ڈبلیو ٹی سی 2025–27 سائیکل کے آغاز میں ہی ہندوستان کی مہم کو جھٹکا دیا ہے۔ سیریز کے بعد پوائنٹس ٹیبل میں بھی نمایاں تبدیلی دیکھنے کو ملی۔ 36 پوائنٹس کے ساتھ جنوبی افریقہ نے75 فیصد پوائنٹس حاصل کرکے مضبوطی سے دوسرا مقام سنبھال لیا ہے، جبکہ آسٹریلیا بدستور سرفہرست ہے۔ اس کے برعکس ہندوستان پانچویں نمبر پر پھسل گیا ہے اور پاکستان نے اسے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ بھارت کا فیصد کم ہوکر 48.15 رہ گیا ہے۔ گوہاٹی میں کھیلے گئے اس فیصلہ کن میچ کا آغاز اگرچہ جنوبی افریقہ کے لیے غیر یقینی تھا، مگر متھوسامی کی دلیرانہ سنچری (109) اور مارکو یانسن کی 93 رنزکی شاندار اننگز نے پہلی اننگز کو 489 تک پہنچا دیا۔ پھر یانسن نے گیند کے ساتھ بھی تباہ کن کارکردگی دکھاتے ہوئے 6/48 کے اعداد و شمار کے ساتھ ہندوستان کو محض 201 رنز پر ڈھیرکردیا۔ فالو آن نہ دینے کے فیصلے کے بعد جنوبی افریقہ نے دوسری اننگز میں مزید سبقت حاصل کی، اور ٹرسٹن سٹبس کی پرسکون 94 رنز کی اننگز کی بدولت 260/5 پر اننگز ڈکلیئر کر دی۔ پچھلے ٹسٹ کے ہیرو اسپنر سائمن ہارمر نے اس میچ میں بھی شاندار کارکردگی دکھائی۔ پہلی اننگز میں 3/64 لینے کے بعد انہوں نے آخری دن ہندوستان کی بیٹنگ لائن اپ کو دھول چٹاتے ہوئے 6/37 کے ساتھ میچ مکمل کیا۔ ہندوستان کی جانب سے سائی سدرشن اور رویندرا جڈیجہ نے کچھ مزاحمت کی کوشش کی۔ جڈیجہ نے 87 گیندوں پر 54 رنز کی پراعتماد اننگز کھیلی۔