دوحہ۔ 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی انڈر 13 فٹبال ٹیم خود کو ملنے والے مواقع کا وہ فائدہ نہیں اٹھا سکی اور اسے اے ایف سی چمپین شپ کوالیفائر کی تیاری کے لئے کھیلے گئے مقابلے میں قطر کے خلاف 1-0 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ ہندوستان نے اپنے نئے کوچ ڈیرک پیریرا کی سرپرستی میں پہلا مقابلہ کھیلا ، لیکن اسے کامیابی حاصل نہ ہوسکی۔ ہندوستانی کھلاڑی رحیم علی کو مقابلے کے دوران ایک بہترین موقع ملا تھا اور وہ گول سے 12 گز دور ہی تھے اور ان کے اطراف حریف کھلاڑی بھی موجود نہیں تھے، لیکن ان کا نشانہ چوکا اور گیند اوپر سے چلی گئی۔ ہندوستانی ٹیم کا اب یہ تیاری والا مقابلہ ختم ہوچکا ہے لہذا رواں ماہ کے اواخر کھیلے جانے والے انڈر 23 کوالیفائرس پر ٹیم کی توجہ مرکوز ہوگی۔