بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں سے روانہ کردہ زر مبادلہ 135.46 ارب ڈالر : آر بی آئی
حیدرآباد۔2۔جولائی (سیاست نیوز) ہندستان کو موصول ہونے والے ترسیلات زر میں سال گذشتہ کے دوران زبردست اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے ۔ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سال 2024 کے دوران14فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے ۔ بیرون ملک مقیم ہندستانیوں کی جانب سے روانہ کئے جانے والے زرمبادلہ کے متعلق آر بی آئی نے جو تفصیلات فراہم کی ہے اس میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ یہ رقم 135.46 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے ۔تفصیلات کے مطابق سال 2024 کے پہلے سہ ماہی کے دوران یہ رقم 33.9 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے جبکہ سال گذشتہ اس مدت میں مجموعی اعتبار سے یہ رقم 31.1 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی ۔بیرون ملک خدما ت انجام دینے والے ہندستانیوں کی جانب سے سال 2024 کے اواخر یعنی اکٹوبر تا ڈسمبر کے دوران129.4 ارب ڈالر ہندستان روانہ کئے ہیں۔عالمی بینک کی جانب سے جاری کی جانے والی تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں ہندستان ترسیلات زر کے حصول میں نمایاں مقام رکھتا ہے اور سرفہرست ہے۔عالمی بینک کے مطابق ہندستان کو حاصل ہونے والے ترسیلات زر کے بعد دوسرے نمبر پر میکسیکو ہے جو کہ ترسیلات زر کے ذریعہ 68 ارب ڈالر حاصل کرتا ہے جبکہ چین تیسرے نمبر پر ہے جو کہ 48ارب ڈالر حاصل کرتا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ بیرون ملک خدمات انجام دینے والے ہندستانیوں کی تعداد میں بھی زبردست اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے 1990 میں بیرون ملک خدمات انجام دینے والے ہندستانیوں کی تعداد 6.6ملین ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ سال 2024کے اعداد وشمار کے مطابق 18.5 ملین ہندستانی بیرون ملک خدمات انجام دے رہے ہیں۔ عالمی سطح پر ہندستانی تارکین وطن کا تناسب 4.3 سے بڑھ کر 18 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔دنیا کے مختلف ممالک میں خدمات انجام دینے والے ہندستانی تارکین وطن میں نصف ہندستانی خلیجی ممالک میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ماہرین معاشیات کے مطابق کورونا وائرس کے دوران بیرون ملک ملازمت کے مواقع کم ہونے لگے تھے لیکن اب جبکہ کورونا وائرس کے بعد حالات بحال ہونے لگے ہیں تو ایسی صورت میں 2020کے مقابلہ ملازمت کے حصول کی شرح میں 11فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ سافٹ ویئر شعبہ کی خدمات میں آنے والی بہتری کے نتیجہ میں بھی ترسیلات زر میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے جو کہ انفارمیشن ٹکنالوجی صنعت کی بہتری کی سمت اشارہ کرتا ہے ۔علاوہ ازیں امریکی انتظامیہ کی جانب سے ہندستانی پروفیشنلس پر عائد کئے جانے والے محصولات میں کٹوتی کے فیصلہ کے سبب بھی ترسیلات زر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔3