نئی دہلی ۔20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سابق کرکٹر اورکمنٹیٹر سنجے منجریکر نے ہندوستانی ٹیم کے ایک طویل وقت سے موجود مڈل آرڈر کے مسئلہ کو دور کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ سنجے منجریکر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو نمبر 4 اور5 پر ویراٹ کوہلی جیسے بیٹسمین کی ضرورت ہے۔ ایک ایسا بیٹسمین جو 80۔90 کے اسٹرائک ریٹ سے کھیلتے ہوئے اننگز کو سنبھال سکے اور جوکھم لئے بغیرگیپ میں کھیل کر دو اور تین رن تیزی سے بھاگے۔ منجریکر کے مطابق، جس طرح سے کوہلی ایک سرے سے رنز بٹورنے کا کام کرتے ہیں اور اسکور بورڈ کو کبھی رکنے نہیں دیتے اسی طرح کا بیٹسمین ٹیم کو نمبر چار اور پانچ پر چاہئے جس سے ٹیم کے مڈل آرڈر کے مسائل دور ہوں۔ مڈل آرڈر میں ناقص اور مایوس کن بیٹنگ کا مسئلہ ہندوستانی ٹیم کے لئے ایک طویل وقت سے پریشانی کا سبب بنا ہوا ہے۔ ورلڈ کپ شروع ہونے سے کافی پہلے یہ چرچا تھا کہ نمبر 4 پر کون بیٹنگ کرے گا۔ ٹیم نے ورلڈ کپ سے پہلے بھی کافی تبدیلی کی اورکئی کھلاڑیوںکو اس مقام پر کھیلنے کا موقع دیا لیکن کوئی بھی اپنی جگہ یقینی نہیں کر سکا۔