ہندوستان کی میزبانی میں ٹیکس مراعات رکاوٹ

   

نئی دہلی ۔6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) ٹیکس میں رعایت کا معاملہ مستقبل میں ہندوستانی میزبانی کی راہ میں رکاوٹ ہونے لگا اور بی سی سی آئی ترجمان نے واضح کردیا ہے کہ آئی سی سی گلوبل ایونٹس کو ہندوستان سے باہر لے جانے کیلئے آزاد ہے۔ آئی سی سی کے حالیہ سہ ماہی اجلاس میں گورننگ باڈی حکام نے بی سی سی آئی کو باورکرادیا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 اور ونڈے ورلڈکپ 2023 کیلئے انہیں اپنی حکومت سے ٹیکس میں چھوٹ دلانی ہو گی اور اگر انہیں یہ مسئلہ حل کرنے میں ناکامی ہوئی تو پھر انہیں شو پیس ایونٹس میں ٹیکس کا بوجھ خود اٹھانا ہوگا۔بی سی سی آئی کے ترجمان نے اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی اگر یہی سمجھتی ہے کہ آگے بڑھنے کا یہی واحد راستہ ہے تو وہ اپنے ٹورنامنٹس ہندوستان سے باہر لے جانے کیلئے آزاد ہے کیونکہ انہیں ٹیکس سے متعلق معاملات کیلئے حکومت کی منظوری درکار ہو گی اور اس معاملے میں بیرونی دباؤ قطعی مددگار ثابت نہیں ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ٹیکس ڈپارٹمنٹ اور متعلقہ وزارت کے فیصلوں کے پابند ہیں اور ان کی خواہش ہیکہ ورلڈ کپ جیسے اہم ایونٹ کا انعقاد ہندوستان میں ہو لیکن آئی سی سی اپنے سخت موقف پر قائم رہنا چاہتی ہے تو وہ کسی بھی صورتحال کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں۔
وارنر اور اسمتھ کی واپسی ضروری : وارن
سڈنی۔6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے عظیم اسپنر شین وارن کا خیال ہے کہ ٹیم سے باہر چل رہے ڈیوڈ وارنر اورا سٹیون اسمتھ کے ٹیم میں شامل ہونے سے عالمی کپ میں آسٹریلیا کی پوزیشن مستحکم ہوگی اور اس کے جیتنے کے امکانات بڑھ جائیں گے ۔وارن نے کہا کہ اسمتھ اور وارنر پر 12 مہینے کی پابندی ان کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگی ۔ ان کے مطابق اتنے دنوں کے وقفے کے بعد میدان میں واپس کرنے سے رن بنانے کی بھوک بڑھتی ہے اور آپ ہر حال میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں۔