دبئی۔12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھیل میں سیاست لانے پر ہندوستان کیخلاف آئی سی سی کو خط لکھاہے تاہم آئی سی نے پاکستان کا اعتراض مسترد کر دیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو خط لکھا جس میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی جانب سے آسٹریلیا سے ونڈے سیریز کے میچ میں فوجی ٹوپیاں پہن کر کھیلنے پرتحقیقات اور مناسب کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس بات کی تصدیق بھی کی گئی تھی کہ وسیم خان نے آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن کو خط لکھاہے۔ اس میں ہندوستان کے رویے پر احتجاج کرتے ہوئے کرکٹرز کے آرمی کیپس پہن کر کھیلنے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ دریں اثناء آئی سی سی نے ہندوستانی ٹیم کی جانب سے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں فوجی ٹوپی پہننے سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بی سی سی آئی نے پہلے ہی اس کی اجازت طلب کی تھی۔ ترجمان کلیئر فرلونگ نے کہا کہ بی سی سی آئی نے باقاعدہ فوجی ٹوپی پہننے کی اجازت طلب کی تھی۔ فوجی ٹوپی پہننے کا مقصد پلوامہ حملے میں شہید ہونے والے فوجیوں کے لواحقین کیلئے فنڈز جمع کرنا تھا۔