ہندو انتہا پسند جماعتوں کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دیا جائے : شاہ فیصل

   

سری نگر، 7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش کی راجدھانی لکھنو میں گذشتہ روز خشک میوے بیچنے والے دو کشمیری نوجوانوں کی پٹائی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سابق آئی اے ایس آفیسر ڈاکٹر شاہ فیصل نے ہندو انتہا پسند جماعتوں کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دے کر ان پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ڈاکٹر شاہ فیصل نے اس واقعے کو قابل افسوس قرار دیتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ‘ان شر پسند جماعتوں نے ملک کی سیکولر ساخت کو تباہ کیا ہے اور کشمیری ان کے تازہ ٹارگیٹ ہیں’۔انہوں نے وزیر اعظم دفتر سے بجرنگ دل، ویشو ہند پریشد اور دیگر انتہا پسند جماعتوں پر پابندی عائد کرنے کی اپیل کی ہے ۔ شاہ فیصل نے اقوام متحدہ اور امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ ان انتہا پسند تنظیموں کو دہشت گرد تنظیمیں قراردیں۔قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش کی راجدھانی لکھنو کے ڈالی گنج میں بدھ کے روز خشک میوے بیچنے والے دو کشمیری نوجوانوں کی پٹائی کا معاملہ سامنے آیا. جموں کشمیر کے کولگام سے تعلق رکھنے والے دو نوجوان ڈالی گنج میں خشک میوے بیچ رہے تھے کہ اس دوران کچھ افراد نے ان کی پہچان پوچھ کر پٹائی شروع کی۔