ہندو دہشت گردوں کا مسلم آٹو ڈرائیورپر حملہ

,

   

جے ایس آر کے نعرے لگانے پرزور، پانچ افراد گرفتار ، مقدمہ درج

ممبئی: ہندوستان میں ہندو دہشت گردوں کی جانب سے انتہا پسندی کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، ممبئی میں ایک اور مسلمان رکشہ ڈرائیور پر ہندو دہشت گردوں نے حملہ کرکے شدید زدوکوب کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مہاراشٹرا کے علاقہ مبرا میں جمعرات کی رات 46 سالہ آٹو رکشہ ڈرائیور محمد ساجد محمد یٰسین خان کو ہندو انتہا پسندوں نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔رکشہ ڈرائیور نے کہا کہ دہشت گردوں نے ان کے ساتھ مار پیٹ کی اور رکشہ کو بھی نقصان پہنچایا اور ہندوتوا کے نعرے لگانے کیلئے دھمکایا۔پولیس حکام کا کہنا ہیکہ محمد ساجد پر تشدد کرنے میں ملوث 5 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کے خلاف رکشہ ڈرائیور پر تشدد، لوٹ مار اور جے شری رام کہنے پر مجبور کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق مسلمان ڈرائیور رکشہ اسٹینڈ کی قطار میں مسافروں کا انتظار کر رہا تھا، جب پانچوں ملزمین نے مبینہ طور پر آ کر اسے مارنا شروع کر دیا۔ انہوں نے اسے زمین پر گرا دیا اور بد سلوکی کے بعد محمد ساجد کو جے شری رام کے نعرے لگانے پر مجبور کررہے تھے۔پولیس حکام کے مطابق شکایت کنندہ کو بعد میں معلوم ہوا کہ ہندو حملہ آوروں نے ان کے رکشہ سے 2000 روپے بھی چرالئے ہیں۔