گوہاٹی، 21 نومبر (آئی اے این ایس) جنوبی افریقہ کے کپتان ٹمبا باووما نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم ہندوستان کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں جارحانہ کھیلنے کے لیے تیار ہے، جو ہفتہ کو بارسا پارا اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ ہر موقع کو بھرپور طریقے سے استعمال کرتے ہوئے سیریز کو 0-2 سے جیتنا چاہتے ہیں۔ پہلے ٹسٹ میں جنوبی افریقہ نے کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں 30 رنز سے ہندوستان کو شکست دی تھی، جو ایک کم اسکورنگ میچ تھا۔ اس جیت کے ساتھ مہمان ٹیم نے دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی اور جون میں ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ جیتنے کے بعد اپنی شاندار فارم کو مزید مستحکم کیا ہے۔ یہ ہندوستان میں جنوبی افریقہ کی 15 سال بعد پہلی ٹسٹ کامیابی بھی ہے۔ پاکستان کے خلاف حالیہ سیریز 1۔1 سے ڈرا ہونے کے بعد باووما کی ٹیم کے پاس اب موقع ہے کہ وہ 2000 کے بعد پہلی بار ہندوستانی سرزمین پر ٹسٹ سیریز جیت کر تاریخ رقم کریں۔ باووما نے جمعہ کو پریس کانفرنس میں کہا آخر کار ہر میچ آپ جیتنے کے لیے کھیلتے ہیں۔ ہمارا ذہن اس برتری کو بچانے پر نہیں ہے جو ہمیں حاصل ہے۔ ہم ہمیشہ آگے بڑھ کرکھیلنے کا سوچتے ہیں اور ایسا ہی کرتے رہیں گے۔ روشنی کا مسئلہ ضرور ہوتا ہے، لیکن ہم دفاعی ذہنیت کے ساتھ اترنا نہیں چاہتے۔ جو بھی موقع ملے، ہم اسے جارحانہ انداز سے استعمال کریں گے۔ اگر 0۔2 کا موقع ہو تو ہم ضرور اس کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے تجربہ کار لنگی نگیڈی پر بھی مکمل اعتماد کا اظہار کیا، جو زخمی کاگیسو ربادا کی جگہ اہم کردار ادا کریں گے۔ ربادا پسلی میں دباؤ کی چوٹ کے باعث سیریز سے باہر ہیں۔ باووما نے کہا نگیڈی کو شروع سے ہی سب پتا تھا۔ ٹیم میں بات چیت بہت اہم ہے۔ ان کے پاس بہت تجربہ ہے اور ایسے میچ میں اسی تجربے کی ضرورت پڑتی ہے۔ ایک نوجوان فاسٹ بولر کو لاکر اس اہم میچ میں ذمہ داری دینا مناسب نہیں ہوگا۔ کل جب وہ بولنگ کر رہے تھے تو بہت اعلیٰ بولنگ کر رہے تھے۔ اس پر ہمیں مکمل اعتماد ہے۔ باووما نے گوہاٹی کی پچ کے بارے میں کہا کہ یہ روایتی ایشیائی حالات جیسی ہے، پہلے دو دن بیٹنگ کے لیے سازگار، اور پھر آہستہ آہستہ اسپنرزکو مدد ملنے لگے گی۔ یہ وکٹ کولکتہ کی نسبت تازہ لگ رہی ہے اور زیادہ مستقل مزاج رہے گی۔ ہم صبح پھر معائنہ کے بعد فیصلہ کریں گے کہ ربادا کی جگہ کس کو شامل کرنا ہے۔ پہلے دو دن یہاں بیٹنگ اچھی ہوگی، پھر تیسرے دن سے اسپنرزکھیل میں آئیں گے۔ ایشیا میں کھیلنے کی بنیادی باتیں یہاں بھی لاگو ہوں گی۔ پہلی اننگز بہت اہم ہوگی، کیونکہ وہی میچ کا رخ طے کرتی ہے۔ ہمارے اسپنرز کیشو مہاراج، سائمن ہارمر اور ایڈن مارکرم دوسرے یا تیسرے دن کھیل میں اپنا رول ادا کریں گے۔